پشا ور ڈسٹرکٹ بارکا اجلا س‘ اسلام آباد میں بچی سے زیادتی کے بعد قتل کی مذمت

May 22, 2019

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد میں فرشتہ نامی بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے اورمذکورہ تھانے کے تفتیشی افیسر کے نارروا سلوک اورتاخیری حربے استعمال کرنے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے جار ی ایک بیان میں ذکر کیاگیاہے کہ گزشتہ روز صدر تیمورعلی شاہ ایڈوکیٹ کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس طلب کیاگیا جس میں جنرل سیکرٹری قیصر زمان سمیت دیگر ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اوراس موقع پر اسلام آبا د میں فرشتہ مہمندنامی بچی کی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورمطالبہ کیاگیا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتارکرکے قرار واقعی سزادی جائے جبکہ چیف جسٹس سے بھی واقعہ پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا ہے تاکہ ملزمان کو کیفر کردارتک پہنچایاجاسکے ۔اجلاس میں بچی کے والد کے ساتھ پولیس افسران کے رویے اورمقدمہ کے اندراج سمیت دیگرتفتیشی عمل میں پولیس کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔