لاہور ہائیکورٹ، الیکشن کمیشن کے دو اراکین کی تقرری نہ کرنے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

May 24, 2019

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو اراکین کی تقرری نہ کرنے پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور ہدایت کی کہ عدالت کو آگاہ کریں کہ ممبرانِ کی تقرری کیلئے کیا پیشرفت ہوئی ہے۔ جسٹس مامون رشید شیخ نے درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان کا تقرر نہ کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار وکیل ارشد حسین نے نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران 28 جنوری کو اپنی معیاد مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے۔ لیکن ان کا ابھی تک تقرر نہیں کیا گیا وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کاتقرر کرنا ہوتا ہے لیکن 12 مارچ کو یہ مدت ختم ہوگئی لیکن وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کی۔