نابالغوں کی گرفتاری ،عدالت برہم،جواب طلب

May 25, 2019

اسلام آباد (خبرنگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بڑے بھائی پر چوری کے الزام میں اس کے دو نابالغ چھوٹے بھائیوں کو گرفتار کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے ایس ایس پی رینک کے افسر کو پیر کو بچے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تسلیمہ بی بی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر سائلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے بڑے بھائی پر چوری کے الزام میں اس کے چھوٹے بھائیوں 12 سالہ علی شیر اور 14 سالہ حمزہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ گولڑہ پولیس کے اہلکاروں نے 13 مئی کو بچوں کو حراست میں لیا۔ ایس ایس پی کو درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ پولیس پورے خاندان کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بچوں کو پولیس کی غیر قانونی حراست سے چھڑایا جائے اور ایس ایس پی اسلام آباد کو ایس ایچ او گولڑہ اور متعلقہ اے ایس آئی کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے۔ اس پر فاضل چیف جسٹس نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔