اربن یونٹ کی سفارشات وکلا کے دل کی آواز ہیں:محمد ناظم خان

May 25, 2019

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدر محمد ناظم خان نےکہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پرانی کچہری کی توسیع کے لئے اقدامات شروع کرائے۔ پرانی کچہری کی توسیع کی شہر میں اشد ضرورت تھی۔ ان خیالات کا اظہا رضلع کچہری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اربن یونٹ کی جانب سے دی گئی تمام سفارشات وکلا کے دل کی آواز ہیں۔ نیو جوڈیشل کمپلیکس میں ضلع کچہری کی منتقلی کے بعد سے ہی وکلا نے ان مطالبات کو منوانے کی ٹھان لی تھی۔ پنجاب حکومت کو وکلا اور سائلین کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پرانی کچہری کی توسیع کا کام جلد شروع کرنا چاہیے۔مرتب کی جانیوالی رپورٹ کے مطابق پرانی کچہری میں موجود عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری تعمیر و مرمت بارے مشورہ دیا گیا ہے اور پرانی کچہری کی توسیع پولیس لائن کی 26 کنال اراضی سے کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں26 کنال اراضی پر آنے والے خرچے کا تخمینہ ایک ارب 20 کروڑ اور اسی طرح ضلع کچہری میں موجود عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لئے ساڑھے 5 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔