وزیرستان میں چوکی پر حملہ افسوسناک، آئین و قانون کے مطابق ایکشن ہوگا، فردوس عاشق

May 27, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں چوکی پر حملہ افسوسناک ہے ، حکومت کا لائن آف ایکشن قانون کے مطابق ہوگا، کچھ شرپسند عناصر پاکستان کی ترقی کی راہ میں مشکلات پیدا کرنا چاہتے ہیں، عوامی نمائندے ریاستی رٹ چیلنج کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا ، حملے سے متعلق بلاول بھٹو کا بیان سیاسی سنجیدگی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق شمالی وزیرستان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک جتھے کی جانب سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، بڑی قربانیوں کے بعد قبائلی علاقوں میں امن بحال ہوا ہے، وزیراعظم نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات ہو رہے تھے، قبائلی عوام کے حقوق کیلئے مثبت پیشرفت کا آغاز ہوا، قبائلی عوام کو قربانیوں کے ثمرات ملنے کا وقت آیا تھا، لیکن کچھ لوگ بین الاقوامی قوتوں کے آلہ کار بن گئے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کیخلاف مسلسل پروپیگنڈا کر کے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو چھڑانے کی کوشش کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام ملک کی تعمیر ترقی میں ہراول دستہ بنیں گے، عوام ان گروہوں سے لاتعلقی کا اظہار کر کے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد حکومتی ردعمل کے حوالے سےانہوں نے کہا کہ حکومت کا ایکشن آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔دوسری جانب اے پی پی کے مطابق مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک اور شر پسندانہ کارروائی ہے، حکومت کا ایکشن قانون کے مطابق ہوگا،کسی کو بھی پاکستان کی ساکھ ، وقار ، قومی تشخص اور قومی مفاد کے ساتھ کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، واقعہ پر سیاست پاکستان کے مفاد میں نہیں،اسے کسی قومیت کے ساتھ منسلک نہ کیا جائے، جہاں پاکستان کی بات آئے گی وہاں ہم سب اکٹھے ہیں، وہاں پر سیاست ہرگز نہیں آنی چاہےے عوامی نمائندہ ریاستی رٹ چیلنج کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا،ریاستی رٹ کو ہرصورت قائم رکھا جائے گا، حملہ کرنے والے گروہ کو بے نقاب کریںگے،چیک پوسٹ پر حملہ کرکے دشت گردوں کا چھڑانے کی کوشش کی گئی، حملہ سے متعلق بلاول کا بیان سیاسی غیر سنجیدگی ہے،بلاول بھٹو کا بیان ان کی سیاست پر سوالیہ نشان ہے،کچھ شرپسند عناصر پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں لیکن قبائلی عوام نے شرپسند گروہ کے بیانیے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے، عمران خان واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرحم رکھا، وزیراعظم قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگرترقی یافتہ علاقوں کے مساوی لانے کے خواہاں ہیں، قبائلی عوام انشااللہ اپنے علاقے اور پاکستان کی تعمیروترقی میں ہر اول دستہ بنیں گے اور سازشیں دم توڑیں گی ۔