کوئٹہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 دہشت گرد ہلاک

May 27, 2019

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے مغربی بائی پاس کے قریب مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مغربی بائی پاس کے علاقے درویش آباد میں پولیس اور نامعلوم مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس کی فائرنگ سے 2 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقابلے میں پولیس پارٹی محفوظ رہی، سیکیورٹی فورسز نےعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی رحمانیہ مسجد میں نماز جمعہ سے قبل ہونے والے دھماکے میں مسجد کے خطیب اور 3 نمازی شہید جبکہ 4بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔

3 کلو دھماکا خیز مواد منبر کے نیچے رکھا گیا تھا جسے خطیبِ مسجد کے خطبہ شروع کرتے ہی ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑا دیا گیا، دھماکے سے مسجد کے شیشوں، کھڑکیوں اور چھت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں خطیب مولوی عطاالرحمٰن اور 2 نمازی شاہ زیب اور سلطان محمد موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے جبکہ ایک زخمی نے دوسرے روز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا تھا۔