’جنون‘ نے ورلڈ کپ کیلئے نیاگانا ریلیز کردیا

May 28, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

عالمی شہرت یافتہ صوفی بینڈ ’جنون ‘ نے ورلڈ کپ کیلئے 23 برس بعداپنا نیا گانا ’چھولے آسمان‘ ریلیز کردیا۔

جنون بینڈ نے 2 منٹ 59 سیکنڈز پر مشتمل ’چھولے آسمان‘ گانا ریلیز کردیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی پوری قوم کرکٹ کے جنون میں مبتلا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے، بڑے، بوڑھے اور خواتین سب ہی کرکٹ کے دیوانے ہیں اور پاکستان کی جیت کا انتظار کرتے ہیں۔


’جنون‘ کے نئے گانے نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے جبکہ یہ گانا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈنگ پر ہے۔

یاد رہے کہ 22 سال قبل 1996کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے جنون بینڈ کا گانا ’ جذبہ جنون‘ پیش کیا گیا تھا جس کا شمار 90کی دہائی کے مقبول ترین ملی نغموں میں ہوتا ہے جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

واضح رہے کہ90 کی دہائی کے آغاز میں لاہور میں جنم لینے والے اس بینڈ میں سلمان احمد، غیرملکی گٹارسٹ برین اور علی عظمت بہ طور گلوکار شامل ہیں جنہوں نے جدید میوزیکل آلات کے ساتھ موسیقی کی دنیا کے تما م ہی شعبہ جات پر طبع آزمائی کی تاہم صوفیانہ کلام پیش کرنے میں یہ بینڈ اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔

13 برس قبل علی عظمت اور سلمان احمد کے اختلافات کی وجہ سے یہ عالمی شہرت یافتہ بینڈ بکھر گیا تھا تاہم گزشتہ سال مداحوں کے اصرار پر بکھرے ہوئے تین ستاروں کی ایک کنسرٹ کے بعد واپسی ہوئی تھی ۔متحد ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں بھی یہ بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔