عالمی شہرت یافتہ صوفی بینڈ ’جنون ‘ نے 15برس بعد متحد ہوکر عالمی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لئے نیا گانا بنانے کے کا اعلان کیا ہے۔
90کی دہائی میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے جنون بینڈ کی جانب سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے گانا ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔
تین پرانے دوست علی عظمت، سلمان احمد اور برائین او کونل پھر سے ملیں گے اور 'جنون‘ بینڈ ایک بار پھر اسٹیج پر جلوہ افروز ہوگا۔
جنون بینڈ کے اہم رکن اور گٹارسٹ سلمان احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیوپیغام میں کہا ہے کہ ’’پاکستان کو متحد کرنے کے لیے ہم(علی عظمت ،برین اور میں) اکٹھےہوئے ہیں، ہمارا نیا گانا رواں سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھرپور حمایت اور مورال بلند کرنے کے لیے بنایا جارہا ہے۔‘‘
پاکستان کے معروف گلوکار اور بینڈ کے رکن علی عظمت نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ گیت تمام پاکستانیوں کے لیے بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 22 سال قبل 1996کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے جنون بینڈ کا گانا ’ جذبہ جنون‘ پیش کیا گیا تھا جس کا شمار 90کی دہائی کے مقبول ترین ملی نغموں میں ہوتا ہے جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
واضح رہے کہ90 کی دہائی کے آغاز میں لاہور میں جنم لینے والے اس بینڈ میں سلمان احمد، غیرملکی گٹارسٹ برین اور علی عظمت بہ طور گلوکار شامل ہیں جنہوں نے جدید میوزیکل آلات کے ساتھ موسیقی کی دنیا کے تما م ہی شعبہ جات پر طبع آزمائی کی تاہم صوفیانہ کلام پیش کرنے میں یہ بینڈ اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔
13 برس قبل علی عظمت اور سلمان احمد کے اختلافات کی وجہ سے یہ عالمی شہرت یافتہ بینڈ بکھر گیا تھا تاہم گزشتہ سال مداحوں کے اصرار پر بکھرے ہوئے تین ستاروں کی ایک کنسرٹ کے بعد واپسی ہوئی تھی ۔متحد ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں بھی یہ بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔