’’اس حکومت کی کوئی لائف نہیں‘‘

May 30, 2019

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اس حکومت کی کوئی لائف نہیں۔

آصف علی زرداری اپنے اور اپنی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ احتساب عدالت پہنچے تھے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں اب بھی اس بات پر قائم ہوں کہ احتساب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔

ایک صحافی کے سوال پر کہ آپ گرفتاری سے ڈرتے تو نہیں؟

سابق صدر نے جواب دیا کہ میں نے پہلے بھی تیرہ سال جیل کاٹی ہے۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ملزمان کی حاضری لگا کر 14 جون تک کیلئے ملتوی کر دی ۔

احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک عمرے کی ادائیگی کے باعث رخصت پر ہیں جس کی وجہ سے ڈیوٹی جج محمد بشیر نے ملزمان کی حاضری لگا کر سماعت ملتوی کی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کےخلاف اسکینڈل میں پیپلزپارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں، چیئرمین نیب کا متبادل جس نے ڈھونڈنا ہے وہ ڈھونڈے۔