سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین نیب کےخلاف اسکینڈل میں پیپلزپارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے پرسابق صدر سے صحافی نے سوال کیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے یہ بات کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین نیب کا متبادل جس نے ڈھونڈنا ہے وہ ڈھونڈے۔
واضح رہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں توسیع کے لیے سابق صدر آصف زرداری اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں۔
نیب نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں آج الگ الگ طلب کیا تھا۔
نیب کے ہیڈکوارٹر میں بلاول بھٹو زرداری پیش ہو گئے جبکہ تاہم آصف علی زرداری نے نیب میں پیشی سے معذرت کر لی تھی، وہ گزشتہ پیشی پر بھی مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے تھے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم آصف زرداری کی عدم پیشی کے بارے میں آج فیصلہ کرے گی۔