موسم گرما میں ٹی شرٹس کا ٹرینڈ

June 09, 2019

گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی ہر کوئی ٹی شرٹ پہننا شروع کردیتا ہے۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ نئے ٹرینڈ والی ٹی شرٹس کا انتخاب کرے، جو پہننے میں بھی آرام دہ ہوں اور شخصیت کو بھی نمایاں کریں۔ ویسے تو آپ مارکیٹ میںمشہور برانڈکے آئوٹ لیٹ پر اپنے ذوق یا موجودہ ٹرینڈ کے مطابق ٹی شرٹ کا انتخاب کرلیتے ہیں، لیکن ساتھ ہی آپ کو ٹی وی یا سوشل میڈیا پر یہ دیکھنےکی ضرورت بھی ہوتی ہے کہ شوبز کی دنیا میںٹی شرٹ کا کیا رحجان چل رہا ہے۔

گرم موسم میں سفید یا ہلکے رنگ کی ٹی شرٹس نہ صرف Cool دکھائی دیتی ہیں بلکہ Coolہوتی بھی ہیں۔ اسی طرح ایک پرفیکٹ وائٹ ٹی شرٹ کی تلاش آسان نہیںہوتی۔ آپ بھلے سے کسی ایک برانڈ کے کتنے ہی لائل کسٹمر ہوں، لیکن جیسے ہی آپ نے کسی اور برانڈ کی وائٹ ٹی شرٹ دیکھی، آپ فوراً اس کی طرف راغب ہوتے ہیں۔

ڈیزائن اور پرنٹ کی بات کریں تو یہ حقیقت ہے کہ مردوں کے لیے ٹی شرٹس اسٹائل کی بہت کم ورائٹی دستیاب ہوتی ہے۔ اس کی بنیادی جزئیات تو وہی رہتی ہیں، البتہ کچھ نئے ٹرینڈز سامنے آجاتے ہیں، جن کو خریدتے وقت یہ خیال رکھیںکہ وہ آپ کیلئے فٹ ہوں۔ لٹکے ہوئے شولڈرز اور گھٹنوں سے اوپررہنے والی ٹی شرٹس پہننا تو دور اس کے بارے میں سوچنا بھی نہیںچاہئے۔

آج بھی مردانہ فیشن میںپولو ٹی شرٹ کا ٹرینڈ عام ہے، جسے دفتر میںبھی پہنا جاسکتا ہے۔ اسے خاکی یا ڈینم ٹرائوزر میں اڑس لیا جاتاہے اور آپ اچھے دکھائی دیتے ہیں۔ اگر آپ گہرے رنگ کی ٹی شرٹ پہنیںگے تو اس پر پسینے کے نشانات جلد واضح ہوجائیں گے۔ دفتر میں اگر ٹی شرٹ پہننے کی اجازت نہیںہے تو دفتری اوقات کے علاوہ ہلکی گلابی، نیلی یا خاکی رنگ کی ٹی شرٹ میں آپ گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں۔ شاپنگ کرتے وقت کالر والی ٹی شرٹ پہننا اس لئے بھی بہتر رہتی ہے کہ اس سے آپ کی شخصیت بہتر دکھائی دیتی ہے۔ مزید یہ کہ اس طرح آپ گردن پر پڑنےوالی دھوپ سے بھی بچ جاتے ہیں۔

مارکیٹ میںلڑکیوں کی ٹی شرٹس کیلئے رنگوں اور اسٹائل کی بے شما ر ورائٹی دستیاب ہوتی ہے۔ اس سلسلے میںایما واٹسن سے پوچھیں تو اورگینک کاٹن ٹی شرٹ ان کی پسندیدہ ہے۔ اب آپ یہ سوچیںگے کہ اورگینک ٹی شرٹ کیوںپہنی جاتی ہے، تو اس کے جواب میں ایک محاورہ ہے کہ آ پ وہی ہوتے ہیں جو کھاتے اور پہنتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ اپنی صحت کا خیال رکھنے اورماحولیات کو بہتر رکھنے کے چکر میں آرگینک فوڈ (نامیاتی غذائیں ) کھاتے ہیں تو پھر اسی وجہ سے آپ کو 100فیصد آرگینگ کاٹن ٹی شرٹ بھی پہننی چاہئے۔ اسے پہن کر آپ کو اچھا محسوس ہوتاہے۔

مشہور سپر ماڈل جی جی ہیڈڈ کو سادہ یا پھر ایک کلر والی ٹی شرٹ پسندہے۔خاص طور پر جو زیادہ گرم نہ ہوں، اس لیے وہ زیادہ تر سفید یا ہلکے رنگ پسند کرتی ہے اورا کثر نیلی جینز پررائونڈ نیک والی ٹی شرٹ زیب تن کرتی ہے۔

2019ء کے ٹرینڈزکی بات کی جائے تو رواںسال آپ کو زیادہ ترڈیجیٹل پرنٹ اور تھری ڈی پرنٹ والے ڈیزائن نظرآئیںگے ۔ جن میںسے ہم چند ایک کا ذکر کررہے ہیں۔

گریڈیئنٹ ایفیکٹ

سفید بیک گرائونڈ کے ساتھ فلورسنٹ ٹیکسچر یا تصویر والی ٹی شرٹس آپ کو مارکیٹ میںجابجا نظرآئیںگی۔ مختلف شیڈز کے ساتھ کچھ بھڑکیلے پیٹرن بھی ڈرامائی طور پر اس ٹرینڈکو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ غیر حقیقی گہرائی دکھانے والی السٹریشن کے پیچھے باقی سب کچھ سیدھا سادا ہوتاہے، یہ السٹریشن چاہے تصویر ہو یا پھر کوئی ڈیزائن، وہ آپ کو نمایاںکرتی ہے۔ السٹریشن کے ساتھ تھریڈی کا امتزاج اسے اور بھی منفرد بناتااور پاور فُل لُک دیتاہے۔

مدر نیچر

ٹی شرٹ پر قدرتی مناظر جیسے گھنے جنگلات، لہلہاتے کھیت، آرکیٹیک لینڈ اسکیپ، جزیرے اور صحراکی ڈرامائی تصاویر یا السٹریشن کا ٹرینڈ بھی آوارد ہوا ہے۔ ا س میں آپ کو بوٹینیکل اور نیچرل پہلو زیادہ دکھائی دیں گے۔ اس ٹرینڈ میں آرگینک کلر پیلٹ، شرٹ پر بنے کونٹینٹ کو جزیات کے ساتھ سامنے لاتے ہیں اور لوگ آپ کو اور آپ کی ٹی شرٹ کو ایک بار دیکھنے کے بعد دوبارہ ضرور دیکھتے ہیں۔

کریئیٹو ٹائپ

ٹائپو گرافی ایک فن ہے، اسی لیے ہمیں اکثر ایسی ٹی شرٹس نظر آتی ہیں ، جن پر کچھ نہ کچھ معنی خیز جملہ یا لفظ لکھا ہوتاہے۔ آج کل ٹی شرٹس پر لکھے جانے والے ٹائپو، تھری ڈی، وائبرنٹ کلرز یا ڈیزائن میںڈھلے ہوئے لفظوںکی شکل میں نظر آتے ہیں۔ اس ضمن میں آپ اقوال زریں، سیاسی نقطہ نظر، مزاح یا سلوگن والی کوئی بھی شرٹ اپنے مزاج کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔