منچھر جھیل کے قریب ملاح برادری میں تصادم،ایک شخص ہلاک،2؍زخمی

June 08, 2019

خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) منچھرجھیل کے قریب واقع گاؤں مولا بخش ملاح کے مقام پر بچوں کی معمولی بات پر ملاح برادری کے دو گروہوں کے درمیان تصادم کے دوران ڈنڈے لگنے کے نتیجے میں ایک شخص مولانا عاشق ملاح ہلاک ہوگیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء ضلعی ہیڈکوارٹر میں پولیس نے جعلی آئی ڈی بناکر خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم عدنان کو گرفتار کرنے کے بعد ملزم کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ جبکہ شاہی بازار میں جویا برادری کے دو گروہوں میں دیرینہ دشمنی کی بناء پر تصادم کے دوران دو افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے سات افراد کو گرفتار کرلیا۔علاوہ زیں فورتھ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ دادو کے گیٹ کے سامنے بی سیکشن تھانہ کی پولیس اور وومین پولیس کی جانب سے دیہاتی کو گرفتا اور خواتین پر تشدد کرنے کے واقعے کے خلاف دیہاتی دھنی بخش کی جانب سے عدالت میں عرضداشت داخل کرانے پر عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے بی سیکشن تھانہ کے ایس ایچ او کو ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیاجبکہ مرکھپور محلہ میں نوجوان صمد اﷲ ملاح نے مبینہ طور پر اپنے بازو کو بلیڈ سے کاٹ لیا۔