ہم نے امن کی بات کی ،بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا ،شاہ محمودقریشی

June 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اب تک الیکشن موڈ سے باہر نہیں آئے، ہم نے امن کی بات کی جس پر بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا ۔جس پر پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔پاکستان امن کا خواہش مند ہے، بھارت فرار چاہتا ہے تو ہمیں بھی اُن کے پیچھے بھاگنے کی ضرورت نہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بشکک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور مودی کی کوئی میٹنگ طے نہیں ہوئی تھی۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نےپاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت اجازت دی،پاکستان کی اجازت کے باوجود بھارتی وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے لمبا راستہ اختیار کیا۔ بھارت کا یہ کام ان کی ذہن کی عکاسی کر رہاہے جس میں وہ اب تک مبتلاہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں بھارتی سرکار الیکشن موڈ سے باہر نہیں آئی،بھارت میں انتہا پسند بنیاد پر الیکشن جیتا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کا دنیا کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہےجو خطے میں امن چاہتاہے۔