برٹش سکھ پیٹروردی پاکستان میں گردواروں کی تزئین وآرائش کیلئے 5 سو ملین پونڈ عطیہ کرے گا

June 14, 2019

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایک مخیر برٹش سکھ پیٹر وردی نے پاکستان میں گردواروں کی تزئین و آرائش کیلئے 500 ملین پونڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پوری دنیا کے سکھوں کو اپنے مقدس ترین مقامات تک پہنچنے کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کے اعلان کے جواب میں کیا ہے، پیٹر وردی نے یہ اعلان گزشتہ روز پاکستان ٹورازم بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سکھ کمیونٹی کے معروف رہنمائوں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس ایونٹ کا اہتمام مرکزی گوردوارہ (خالصہ جتھا) نے معروف تاجر پیٹر وردی کی حمایت سے کیا تھا، زلفی بخاری اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر سکھ تنظیموں کے نمائندے، ارکان پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون سکھ رکن پارلیمنٹ پریت کور گل خالد محبوب، لارڈ راجندر پال لوما، لارڈ رنبیر سنگھ سوری، کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والی لارڈ نینا کور گل، جو راولپنڈی میں پیدا ہوئی تھیں، یورپی امور خارجہ کمیٹی کے بااثر رکن دبندرجیت سنگھ، سکھ فیڈریشن کے پرنسپل ایڈوائزر اور برطانیہ میں سکھوں کے خدمت گار امریک سنگھ گل، سکھ فیڈریشن یوکے کے سربراہ ریٹائرڈ جسٹس انوپ سنگھ چوہدری، مندیپ سنگھ کاکڑ، معروف مخیر سکھ تاجر منویر سنگھ بھوگل، سکھ نیٹ ورک بورڈ کے رکن اور سکھ کونسل کے اسسٹنٹ خزانچی بابا چرن داس اور گرونانک جی کے بڑے بیٹے سے براہ راست رشتہ رکھنے والے سری چند بھی موجود تھے۔ پیٹر وردی نے مالی امداد کا یہ اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے گورونانک جی کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان کیا، جس میں پوری دنیا کے سکھ نمائندے شامل ہوں گے، اس نمائندے کوانٹرویو دیتے ہوئے پیٹر وردی نے کہا کہ ان کا رفاہی ادارہ پیٹر وردی فائونڈیشن پاکستان میں سیکڑوں گوردواروں کی تزئین وآرائش اور انھیں جدید تر بنانے کیلئے500 ملین پونڈ فراہم کرنے میں دوسرے سکھ گروپوں کے ساتھ تعاون کرے گا۔ وردی فائونڈیشن نے حال ہی میں مختلف عطیات دہندگان، سیوا داروں کے تعاون سے بھارت سے باہر واقع قدیم ترین مرکزی گوردوارہ خالصہ جتھا کی ایک سال بعد مکمل تزئین و آرائش کی، جسے خستہ حال میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ وردی فائونڈیشن نے اس گوردوارہ کو اس کی اصل حالت میں بحال کر کے دسمبر2017 میں عام لوگوں کیلئے کھول دیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ معروف سکھ تاجروں، اداروں اور گوردواروں نے اس پر غور کیا ہے، جس کے بعد ہم نے اس مرحلے میں500 ملین پونڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ابتدا ہے، ہم حکومت پاکستان کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ نے کرتار پور راہداری کھول کر ایک عظیم کام انجام دیا ہے۔ اب یہ سکھوں پر منحصر ہے کہ وہ اپنے مقدس مقامات سے اپنی محبت کا اظہار کریں۔ انھوں نے کہا کہ سکھوں کو 6عشروں تک کرتار پور میں حاضری سے محروم رکھا گیا اور سکھوں کو کرتار پور راہداری کھولنے کے اعلان پر بہت خوشی ہوئی ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا کے سکھ اس مقصد کیلئے عطیات دیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی خصوصی سال ہے، یہ گورونانک صاحب کی550 ویں سالگرہ کا سال ہے اور ایک پاکستانی کی حیثیت سے ہم اسے شایان شان طور پر منانا چاہتے ہیں، ہم اسے صرف ایک قومی ایونٹ کے طور پر نہیں منانا چاہتے ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا میں یہ دن منایا جائے، میں چاہتا ہوں کہ آپ اس موقع کی مناسبت سے مشترکہ طور پرشایان شان سیمینارز، نمائشوں اور کانفرنسوں کا اہتمام کریں۔ زلفی بخاری نے سکھ برادری کی جانب سے بھاری رقم فراہم کرنے کے اعلان پر سکھ برادری کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں مذہبی سیاحت کی سہولت بہم پہنچانے کیلئے کئی اقدامات کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ مذہبی سیاحوں کو فوری ویزا کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ لندن اور دیگر ممالک میں پاکستانی ہائی کمیشنز سے پاکستانی سفارتخانوں میں سیاحتی ڈیسک قائم کرنے اور اس سال کے آخر میں یاترا کیلئے پاکستان جانے والوں کو ویزا کی فراہمی کیلئے محنتی عملہ متعین کرنے کیلئے بات چیت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کیلئے پاکستان اتنا کھلا ہوا نہیں تھا، جتنا آج ہے، اب ہم پوری دنیا کی کمیونٹیز سے رابطے کرنے اور انھیں اپنے مقدس مقامات کو دیکھنے اور یہ سوچنے کہ وہ اس حوالے سے کیا کرسکتے ہیں، کیلئے پاکستان کا دورہ کرنےکی ترغیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ہر اعتبار سے آپ کی معاونت کریں گے، باباگرونانک کے نام سے ایک ریلوے سٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے، ہم گرونانک صاحب کی درگاہ سے گوردوارہ جنم استھان تک ایک خصوصی ٹنل اور ایک دوسرے گوردوارہ تک کیلئے ایک زیر زمین ریلوے لائن تعمیر کر رہے ہیں۔ ہم یہ سب اس لئے تعمیر کررہے ہیں تاکہ جب آپ یاترا کیلئے آئیں تو آپ کو کہیں مشکلات پیش نہ آئیں، تمام اہم گوردواروں سے مفت شٹل سروسز بھی فراہم کی جائے گی۔