کرپشن کے مقتول مجرم کا جرمانہ ورثا ادا کرینگے،سپریم کورٹ

June 14, 2019

اسلام آباد (خبرایجنسی)سپریم کورٹ نے کرپشن کے مقتول مجرم محمد زمرد کے ورثاء کو کرپشن کے مقدمہ میں جرمانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے جرمانہ کی رقم ایک کروڑ 77 لاکھ سے کم کرکے 40لاکھ کردی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ میں کسٹم کلرک محمد زمرد کرپشن کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ زمرد صاحب کسٹم میں اپر ڈویژن کے کلرک بھرتی ہوئے ،1976 میں کلرک کی تنخواہ 400یا 450ہو گی ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ زمرد کا انتقال ہو گیا ہے ،جرمانہ کی رقم معاف کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ بے شک سب کیا دھرا والد زمرد کا ہے ۔ قانون اصل مجرم کے بعد اس کے غلاموں سے بھی رقم وصول کرنے کا کہتا ہے ،چیف جسٹس نے کہاکہ کسٹم کے ملازم کی اہلیہ جائیداد خریدے تو پوچھا تو جائے گا ،مقتول کے بچے لارنس کالج میں پڑھتے رہے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ مقتول کا بیٹا والد کو لندن سے رقم بھیجتا رہا ،چیف جسٹس نے کہاکہ یہاں سے پیسہ حوالہ سے بھیجا جاتا ہے ،پھر باہر سے ٹی ٹی سے منگوایا جاتا ہے ،مقتول نے بچوں کو پڑھانے کے لیے بڑی کاوشیں کیں۔