کپتان اور شعیب کے درمیان اختلافات کی باتیں بکواس ہیں، آرتھر

June 16, 2019

اولڈ ٹریفورڈ،مانچسٹر(نمائندہ خصو صی ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پاکستانی میڈیا میں گردش کرنے والی اس خبر سے بہت زیادہ ناراض ہیں جس میں میڈیا نے کپتان سرفراز احمد اور سنیئر کھلاڑی شعیب ملک کے اختلافات کی خبروں کو ہوا دی۔ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کی پاکستان کے لئے خدمات ہیں اور میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔واضع رہے کہ شعیب ملک کا میچ دیکھنے ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ مانچسٹر میں ہیں۔پریس کانفرنس کے بعد نمائندہ جنگ نے جب مکی آرتھر سے اختلافات کی خبروں پر دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ سب بکواس ہے میں سمجھ رہا تھا کہ اس بارے میں کوئی پریس کانفرنس میں سوال کرے گا۔یہ بکواس ہے۔ایسی کوئی بات نہیں ہےمیڈیا خواہ مخواہ افواہوں اور قیاس آرائیوں پر بات کررہا ہے۔ وہ اب بھی ہمارا سنیئر بیٹسمین ہے اور مجھے شعیب ملک سے بڑی توقعات ہیں ۔اختلافات کی باتیں کرنے والے خواہ مخواہ ٹیم کا ماحول خراب کررہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں مانچسٹر میں ہونے والا میچ شعیب ملک کا بھارت کے خلاف آخری میچ ہوسکتا ہے۔