6ہفتے کے بیٹے آرچی کے ساتھ شہزادہ ہیری کاپہلا ’’فادرز ڈے‘‘

June 17, 2019

لندن (پی اے) شہزادہ ہیری نے اس سال اپنے 6ہفتے کے بیٹے آرچی مائونٹ بیٹن ونڈسر کے ساتھ پہلا ’’فادرز ڈے‘‘ منایا ہے، ہیری اور ان کی سابق امریکی اداکارہ اہلیہ ڈچز آف سسیکس مئی کے اوائل میں پیدا ہونے والے اپنے بیٹے کے ساتھ زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ہیری نے شاہی گھرانے میں اپنے بیٹے کی آمد کے دو دن بعد ہی اپنے بیٹے کو اس کی والدہ میگھن کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کردیا تھا، اپنے بیٹے کا دنیا سے تعارف کراتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ یہ ننھی سی جان ایسی ہے، جس پر جان بھی قربان کی جاسکتی ہے، آج میں خوشی کے مارے چاند پر پہنچا ہوا ہوں۔ ہیری تاج کے وارثوں کی صف میں ساتویں نمبر پر آرچی کو برک شائر میں ونڈسر ہوم پارک میں واقع فروگ مور کاٹیج میں پروان چڑھا رہے ہیں، یہ کاٹیج ملکہ کی رہائش گاہ ونڈسر کیسل کے قریب واقع ہے۔ گریڈ ٹو میں شمار کیا جانے والے 10کمروں پر مشتمل یہ محل بل کھاتی نہروں، گھنے درختوں سے ڈھکے ٹیلوں، مرغزاروں، باغات کے قریب واقع ہے، ہیری، جو دوسروں کو اپنے بچوں کی پرورش کرتے دیکھتے رہے ہیں، اب خود والد کا کردار ادا کر رہے ہیں، ونڈسر کیسل میں آرچی کی پہلی فوٹو کال پر ہیری نے کہا تھا کہ والد بننا بڑی اہمیت کا حامل ہے، ابھی تو صرف ڈھائی، تین دن ہوئے ہیں لیکن ہم اس ننھی سی جان کی وجہ سے بہت خوش ہیں اور اب جیسے جیسے یہ بڑا ہوتا جائے گا، ہم اس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کریں گے۔ میگھن نے اس موقع پر اپنے شوہر اور بیٹے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز بات ہے کہ میرے پاس دنیا کے 2 بہترین افراد شوہر اور بیٹا موجود ہے، میں حقیقی معنوں میں بہت خوش ہوں۔