ابتدائی شرائط مکمل،آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ 3جولائی کو 6ارب ڈالرقرضے کی حتمی منظوری دیگا

June 17, 2019

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) پاکستان نے آئی ایم ایف کی ابتدائی شرائط پر عملدرآمد مکمل کر لیا ، آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 3جولائی کو پاکستان کیلئے 6ارب ڈالر قرضے کی حتمی منظوری دے گا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس تین جولائی کو ہوگااور پاکستان کے ساتھ سٹاف سطح کے مذاکرات کرنیوالی ٹیم کے سربراہ ارنسٹوریگو سٹاف سطح معاہدے کی رپورٹ ایگزیکٹوبورڈ میں پیش کریں گے اور امکان ہے کہ ایگزیکٹوبورڈ پاکستان کے لیے آئندن 39ماہ کے لیے 6ارب ڈالر کے معاہدے کی منظوری دے گا ، ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کی ابتدائی شرائط ریونیو ہدف ، بنیادہ خسارے میں کمی ، ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے مطابق کرنا اور پالیسی ریٹ سے متعلق شرائط پہلے ہی پوری کر دی ہیں اس لیے قوی امکان ہے کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ6ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دے گا جس کے ساتھ ہی ایشیائی ترقیاتی بنک ، عالمی بنک اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے 2016سے معطل پروگرام قرضہ بھی بحال ہو جائے گا اور ان اداروں کے بورڈ پاکستان کے لیے دو سے تین ارب ڈالر قرضے کی منظوری دے دیں گے ،ایشیائی ترقیاتی بنک مجموعی طور پر تین ارب 40کروڑ ڈالر کی بجٹ سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ پہلی قسط کے طور پر ایک ارب ڈالر بجٹ سپورٹ اور قرضوں کی ادائیگی کے مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں اور آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے فوراً بعد ایشیائی ترقیاتی بنک کا بورڈ منظوری دے دے گا، مجموعی طور پر ایشیائی ترقیاتی بنک آئندہ مالی سال دو ارب 10کروڑڈالر فراہم کرےگا ،ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کی ابتدائی شرائط مکمل کر لی ہیں ، ریونیو ہدف کو 5555ارب روپے مقرر کر دیا گیا ہےا ور اس کی مدد سے بنیادی خسارے کو 1.9فیصد سے کم کر کے 0.6فیصد تک لانے کے اقدامات کیے گئے ہیں، سٹیٹ بنک نےپالیسی ریٹ کو 12.25فیصد مقرر کر دیا ہے، کرنسی ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ بیسڈ کر دیا گیا ہے جبکہ خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری ، ڈھانچہ جاتی اصلاحات سمیت دیگر شرائط پر بتدریج عمل کیا جائے گا۔