خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کی خصوصی مہم کا آغاز

June 17, 2019

پشاور(نمائندہ خصوصی)حمزہ فائونڈیشن کے چیئرمین اعجاز علی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے صوبے میں تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی تعداد چالیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے حمزہ فائونڈیشن کی طرف سے خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر صوبے بھر میں مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نے تھیلی سیمیا روک تھام کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ نسل کی بقا اور تھیلی سیمیا کی روک تھام کے لئے تعلیمی اداروں میں داخلے اور شادی سے قبل خون کے ٹسٹ کو لازمی قرار دینے کے لئے قانون سازی کی جائے حمزہ فائونڈیشن کی طرف سے تھیلی سیمیا و ہیموفیلیا کے شکار ایک ہزار دو سو سےزائد بچوں کی جانیں بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے جبکہ بلڈ کینسر کے 65مریضوں اور سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں مریضوں کی جانیں بچانے کے لئے انہیں مفت خون کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے غریب و نادار پھول جیسے بچوں کی جانیں بچانا بہت بڑا کار خیر ہے مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے حمزہ فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے۔