’پورا زور لگائیں گے کہ عوام دشمن بجٹ منظور نہ ہو‘

June 17, 2019


مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پورا زور لگائیں گے کہ بجٹ منظور نہ ہو،یہ عوام دشمن بجٹ ہے۔

شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اور قومی اسمبلی میں الگ الگ خطاب کئے، پارلیمنٹ میں آج بھی وہ اپنی بجٹ تقریر مکمل نہ کرسکے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہاکہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت خود بجٹ پربحث شروع نہیں ہونےدے رہی۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ بجٹ پر بحث کا دن ہے،رکن قومی اسمبلی آصف زرداری ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر اسیران کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ بجٹ سیشن ہے تمام منتخب ممبران کا استحقاق ہے کہ وہ اپنے حلقے کے مطالبات پیش کریں ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ اس معاملے پر قانونی رائے لے رہا ہوں۔

انہوں نے ایوان میں اپوزیشن ارکان کے شور شرابے پر انہیں خاموش رہنے کی تلقین کی اور کہاکہ اسمبلی چلانا صرف اسپیکر کا کام نہیں یہ حکومت اور اپوزیشن کی برابر ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف نے خطاب میں مزید کہاکہ تاریخ کے سب سے جھوٹے وزیراعظم عمران خان نے رات کے دوسرے پہر قوم سے خطاب کیا،انہوں نے بڑی باتیں کیں،دھمکیاں دیں۔

بعض ارکان ایوان میں شور شرابے کی ویڈیو بنانے میں مصروف رہے ،اس پر اسپیکر نے ویڈیو بنانے والے ارکان کو اس مت کرنے کی ہدایت کی ۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہاکہ ہماری حکومت نے 4 بار قوم کی خدمات انجام دیں،11ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے ہماری حکومت نے لگائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم معیشت کو دھرنوں کے باوجود 3 اعشاریہ سے اٹھاکر 5 اعشاریہ 8 تک لے کر گئے،ہم مہنگائی کو 3فیصد پر لے کر آئے۔

شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے دوران اسپیکر نے سارجنٹ اینٹ آرمز کوطلب کیا اور ویڈیو بنانے والے اراکین سے موبائل لینے کی ہدایت کی ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی کارروائی کل تک ملتوی کردی ،جس کے باعث اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنی بجٹ تقریر ایک بار پھر مکمل نہ کرسکے۔