کراچی، ڈکیتی کا ملزم سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار

June 18, 2019

کراچی کی عزیز بھٹی پولیس نے وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔ ملزم اس سے قبل بھی واردات کے دوران گرفتار ہوچکا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق گلستان جوہر بلاک 13 میں گزشتہ ماہ موٹر سائیکل پر سوار ایک ملزم نے رکشے میں جانے والی خواتین سے لوٹ مار کی تھی۔

واقعہ کی رپورٹ درج ہونے پر گلستان جوہر پولیس نے علاقے میں ایک گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس میں ملزم کو لوٹ مار کرتے ہوئے واضح طور پر پہچانا جا سکتا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ان کی رائج کردہ پالیسی کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصاویر بنائیں اور انہیں ایسٹ پولیس کے واٹس ایپ گروپوں میں تمام ایس ایچ اوز کو بھیج دیا۔

گلشن اقبال کے عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عدیل چوہدری کے مطابق گزشتہ رات انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر چیکنگ کے دوران ایک ملزم کو روکا اور تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

انسپکٹر عدیل چوہدری کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزم مشکوک اور جانا پہچانا لگا۔ جس پر انہوں نے اپنے موبائل فون میں موجود ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی تصویر سے اسے گلستان جوہر میں ڈکیتی کی واردات کے ملزم کے طور پر شناخت کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی تو اس نے ناصرف اقبال جرم کرلیا بلکہ سائٹ کے علاقے میں کی گئی ڈکیتی کی واردات اور اس میں اپنی گرفتاری کا بھی اقرار کیا۔

پولیس کے مطابق پولیس کے کرمنل ریکارڈ آفس یعنی سی آر او سے بھی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق ہوگئی۔ اس مقدمے میں ملزم ضمانت پر رہا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم بے روزگاری کی بنا پر عادی جرائم پیشہ ہوچکا ہے۔

حالیہ رمضان المبارک میں ملزم نے تربوز کا ٹھیلا لگا کر بھی ذریعہ معاش چلانے کی کوشش کی مگر معاشی حالات بہتر نہ کرسکا۔

عزیز بھٹی پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف غیرقانونی اسلحے کی برآمدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ملزم کو ڈکیتی کے مقدمہ کی تفتیش کے لیے گلستان جوہر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔