عمران خان وزیراعظم کا استحقاق استعمال نہیں کررہے، فردوس عاشق

June 18, 2019

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوش عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں اضافے کے بارے میں خبر کی تردید آچکی ہے، ماضی میں وزیراعظم چادر سے زیادہ پاؤں پھیلاتے رہے، وزیراعظم کا جو استحقاق ہے اس کو عمران خان استعمال نہیں کر رہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مختلف کیمپ آفسز پر اخراجات کی تفصیلات دیکھیں، وہ قوم کو زہر کے ٹیکے لگاکر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا ماضی کے وزیراعظم اپنی نواسی کے ساتھ یو این کی جنرل اسمبلی میں موجود تھے، ہمارے وزیراعظم کوئی وی آئی پی ٹریٹمنٹ نہیں لے رہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے 45 ارب روپے صرف ذاتی تشہیر پر پنجاب میں خرچ کیے، پنجاب حکومت تنکا تنکا اکٹھا کرکے ان کی عیاشیوں کی قیمت ادا کررہی ہے، جو لوگ کرپشن کے کیسز میں اندر ہیں، وہ خود پر سیاسی قیدی کا لیبل لگاکر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ کون ہوتے ہیں پارلیمنٹ کو روکنے والے کہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، بجٹ حکومت کے ساتھ جڑی دستاويز نہیں، یہ پاکستان کی قومی سلامتی سے جڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی جرات نہیں کہ اپنی اسمبلی کو کرپشن کے لیبل سے نجات دلائے، فرد واحد کی خواہش کے تابع پوری سندھ اسمبلی کو سب جیل قرار دے دیا گیا، سندھ اسمبلی کو جو جیل بن گئی ہے، اسے آزاد کرکے آئینی ادارے کا کام کرنے دیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم ستمبر میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ چیف منسٹر ہاؤس، اسپیکر ہاؤس نتھیا گلی اور گورنر کاٹیج نتھیا گلی کو عوامی مفاد میں کھولا جارہاہے، یہ ہاؤسز صرف سرکاری اور حکومتی اراکین کی دسترس میں نہیں ہوں گے۔