کسی کھلاڑی نے مکی آرتھر کی شکایت نہیں کی،پی سی بی

June 19, 2019

مانچسٹر (نمائندہ خصوصی) مکی آرتھر اور سنیئر کھلاڑیوں کے تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔کھلاڑی کوچ کا احترام کرتے ہیں کوچ ہی ٹیم کی پلاننگ میں سب سے آگے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کو مکی آرتھر اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان صلح کرانے کے لئے انگلینڈ نہیں بھیجا گیا۔ انضمام الحق کو ٹیم سلیکشن کے لئے پی سی بی انتظامیہ نے بھیجا تھا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے سینئر کھلاڑیوں سے مراسم درست ہیں اور یہ تاثر درست نہیں ہے کہ کسی کھلاڑی نے مکی آرتھر کی پی سی بی سے شکایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انضمام الحق کو انگلینڈ بھیجنے کی منظوری تاخیر سے ہوئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے وہاب ریاض کے ساتھ جہاز میں سفر کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے میچ کے بعد مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر واضح کیا کہ آپ کو ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی دکھانی ہے۔ آپ میں صلاحیت ہے لیکن آپ کو اپنے ٹیلنٹ سے انصاف کرنا ہوگا۔