میثاق معیشت کافیصلہ متحدہ اپوزیشن میں ہوگا،مریم بھی تسلیم کریں گی،جماعت اسلامی کاشرکت سے انکار

June 24, 2019

اسلام آباد، کراچی، لاہور (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک، جنگ نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے مریم نوازکے میثاق معیشت سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم بی بی ہماری بیٹی ہے، ہمارانظریہ ہے جوفیصلہ ہوگامتحدہ اپوزیشن کاہوگا،جسے مریم بھی تسلیم کریں گی، مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، ملک کو بچانا ہے تو ایکشن پلان کے بجائے معاشی ایکشن پلان بنانا ہوگا، الیکشن کمیشن کو ناکامی پر مستعفی ہوجانا چاہئے، رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجٹ سے پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے، خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو بجٹ پر اپوزیشن کی تجاویز پر عمل کرے، مریم نواز نے میثاق معیشت پر جو بات کی وہ بھی درست ہے، شہباز اور مریم نواز کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں، حکومت تمام اقدامات کرچکی، میثاق معیشت پر ٹھوس بات نہیں ہوسکتی،دوسری جانب جماعت اسلامی نے 26جون کو بلائی جانے والی اے پی سی میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری امیرالعظیم نے کہا کہ ماضی کی حکمران جماعتیں بھی ملک کے موجودہ بحرانوں کی ذمہ دار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے صحافی کے سوال ”آپ نواز شریف کے بیانیے کیساتھ کھڑے ہیں یا شہباز شریف کے؟“جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم متحدہ اپوزیشن کے بیانیے کےساتھ چلیں گے۔سابق صدر نے مریم نوازکے میثاق معیشت سے متعلق بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی ہماری بیٹی ہے،ہمارانظریہ ہے جوفیصلہ ہوگامتحدہ اپوزیشن کاہوگا،ایک پارٹی کاکوئی فیصلہ نہیں ہوگا،آصف زرداری نے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں مفاہمت کاسلسلہ شروع ہوا۔دوسری جانب مسلم لیگ ( ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے اتوار کے روز جاری وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میری گزشتہ روز کی نیوز کانفرنس کو میڈیا نے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جس سے میری اور میرے چچا شہباز شریف کی دل آزاری ہوئی، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میرے اور چچا کے درمیان احترام کا رشتہ ہے اور پارٹی صدر کو ہر معاملے پر اعتماد میں لینا فرض سمجھتی ہوں، شریف خاندان مکمل طور پر متحد ہے اور ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔