ضلع بدین میں نہری پانی کی قلت،مختلف شہروں میں ریلیاں اورمظاہرے،ہائی وےبندکردی گئی

June 24, 2019

بدین+ٹنڈو محمد خان،بلڑی شاہ کریم ( نامہ نگاران) ضلع بدین میں نہری پانی کی قلت کے خلاف مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے اس موقع پر ہائی وے بند کر دی گئی ۔رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وارہ بندی کے تحت ان کی نہروں میں جو پانی دیا جا رہا ہے اس کی سطح انتہائی کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق نہری پانی کی قلت اور غیرمصفانہ تقسیم کے خلاف ضلع بدین کے مختلف علاقوں میں کاشتکار سراپا احتجاج ہیں۔ کاشتکاروں نے قلت آب کے خلاف شدید گرمی میں ریلیاں نکالیں اور احتجاجی دھرنے دیئے جبکہ مختلف مقامات پر ہڑتال بھی کی گئی ملکانی شریف کی پرھو نہر و دیگر میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف سندھ آباد گار تنظیم کی اپیل پر ملکانی شریف اور خیرپورگمبوہ میں مکمل ہڑتال کی گئی اس موقع پر تنظیم کے صدر پیر فیاض راشدی، طارق محمود آرائیں ، انور راجپوت کی قیادت میں خیرپور گمبوہ سے ملکانی تک ریلی بھی نکالی گئی بعد ازاں ریلی کے شرکاء نے ملکانی شریف میں میں چوک پر دھرنا دیا جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔ دھرنے کے سبب جھڈو پنگریو روڈ پر چلنے والی تمام ٹریفک معطل ہوگئی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وارہ بندی کے تحت بھی انکی نہروں میں جو پانی دیا جا رہا ہے اسکی سطح انتہائی کم ہے جو زرعی اراضیوں تک نہیں پہنچ رہا جس کے سبب انکی فصلیں سوکھ کر تباہ ہو گئی ہیں۔تعلقہ گولارچی کی امام واہ نہر میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف حیدرآباد روڈ پر کاشتکاروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا امام واہ پل پر کاشتکاروں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ہائی وے بند کردی ۔۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر گولارچی ذوالفقار نظامانی نے بات چیت کے ذریعے ختم کرایا کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم فراہمی سے انکے علاقہ میں کاشت کیا جانے والا دھان کا بیج سوکھ گیا ہے جس سے انہیں کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے۔ ٹنڈومحمدخان۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں زرعی پانی کی شدید قلت کے خلاف پیپلزلیبر بیورو ضلع ٹنڈومحمدخان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ ضلعی رہنما حکیم دستی کی قیادت میں کیا گیا مظاہرین کا کہنا تھاکہ ہمارے علاقوں کی نہروں میں پانی کا لیول بہت کم چل رہا ہے اور بااثر زمیندار پانی چوری کررہے ہیں جس کے باعث ٹیل کے کاشکاروں کو ان کے حصہ کا پانی نہیں مل رہا۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر وسیکریڑی آبپاشی اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی پانی کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیا جائے۔بلڑی شاہ کریم۔ تحصیل میرپور بٹھورو کے شہر دڑو میں واقع پنیاری کینال اور محمود واہ نہروں میں زرعی پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سیکڑوں کاشتکاروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی قیادت اشرف پلیجو اور دیگر نے کی۔ کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ پنیاری کینال اور محمود واہ سے نکلنے والی درجنوں نہروں میں خود ساختہ طریقے سے پانی کا بحران پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ اور دیگر حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ نہروں پر رینجرز تعینات کر کے پانی چوری کو روکا جائے۔ٹنڈوجام۔ روہڑی کینال سے نکلنے والی ایریگیشن سب ڈویژن تاج پور کی لطیف مائنر کی ٹیل میں پانی کی شدید قلّت ہونے کے باعث ہزاروں ایکڑز پر کاشت فصلیں اور باغات سوکھ رہے ہیں، ٹیل کے آبادگاروں سید مراد علی شاہ شبیر نظامانی اور دیگر نے صحافیوں بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایس ڈی او ایریگیشن سب ڈویژن تاج پور کی جانب سے ہمارے حصے کا پانی بڑے زمینداروں کو فروخت کیا جا رہا ہے اور بڑے زمینداروں کی جانب سےبڑی بڑی لفٹ مشینیں لگا کر بڑے پیمانے پر پانی چوری کیا جا رہا ہے۔