واسا کا واٹر سپلائی سسٹم خودکار بنانے کا فیصلہ‘ آئندہ ہفتے کام شروع ہو گا

June 24, 2019

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) واسا نے پینے کے صاف پانی کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے واٹر سپلائی سسٹم کو خودکار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پائلٹ منصوبہ پانچ ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس سے شروع ہو گا جس پر آئندہ ہفتہ سے کام شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں چیئرمین واسا محمد عارف عباسی اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی ٹیم نے آٹومیشن پر بریفنگ دی۔ ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر توصیف توقیر کے ساتھ ڈاکٹر ریحان حافظ اور ڈاکٹر یونس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کے ٹیوب ویلز، منی فلٹریشن پلانٹس اور راول لیک فلٹریشن پلانٹ کو آٹومیشن کے ذریعے آن لائن مانیٹر کیا جا سکے گا۔ ایک ریموٹ آن لائن سسٹم ڈیزائن کیا جائیگا جس کے تحت واسا ٹیوب ویلز کو اپریٹ، اوقات کار کا ریکارڈ، واٹر لیول، ڈسچارج، انرجی، کھپت، پانی کی کوالٹی کو مانیٹر اور کنٹرول کیا جا سکے گا۔ یہ سسٹم واسا کے منی فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے دیئے جانے والے پانی کی مقدار، صارفین کی تعداد جنہوں نے مخصوص اوقات کار میں اس فلٹریشن پلانٹ سے پانی حاصل کیا اور پلانٹ کے پانی کی کوالٹی جس میں پی ایچ کنڈکٹوٹی‘ ڈیزالوڈ آکسیجن‘ ٹوٹل ڈیزالوڈ سالڈز کی نگرانی آن لائن ممکن ہو گی۔ ٹیم کے سربراہ نے بتایا کہ واسا کے راول لیک راول فلٹریشن جس کی پانی ٹریٹ کرنے کی استعداد28 ملین گیلن یومیہ ہے اس کو سیمی آٹومیٹڈ کیا جائیگا۔ اس پلانٹ میں پانی کے ان فلو اور آئوٹ فلو‘ پانی کی کوالٹی‘ موٹروں اور پمپس کے چلنے کے اوقات کار ریکارڈ کی نگرانی کی جا سکے گی۔ آئی ٹی یو ٹیم نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے واسا کو واٹر سپلائی سسٹم کی دیکھ بھال میں آسانی کے ساتھ ساتھ دیکھ بھال پر لاگت کو بھی کم کیا سکے گا۔ پہلے مرحلے میں آئی ٹی یو یہ سسٹم پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پانچ ٹیوب ویلز اور منی فلٹریشن پلانٹس پر ہائر ایجوکیشن کمشن کی فنڈنگ سے لگائے گی جس کی کامیابی پر منصوبے کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائیگا۔ چیئرمین واسا محمد عارف عباسی نے اس آئیڈیا کو سراہتے ہوئے کہا کہ واسا راولپنڈی میں یہ نظام جلداز جلد رائج کیا جائیگا کیونکہ اس جدید دور میں آٹومیشن ہی مسائل کا حل ہے جس کے ذریعے قیمتی وقت اور وسائل کا بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایات کی کہ وہ فوری طور پر پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کریں تاکہ اسکے ثمرات جلداز جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے بتایا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے شہر میں پانچ ٹیوب ویلز و فلٹریشن پلانٹس کی نشاندہی کردی ہے اسکے ساتھ ساتھ ٹیم کو راول لیک فلٹریشن پلانٹ کا دورہ بھی کرایا گیا۔ پائلٹ منصوبے پر اگلے ہفتے سے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔