آسٹریلیا نے انگلینڈ کوروندتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ہوم ٹیم کی مہم کو دھچکا

June 26, 2019

لندن (جنگ نیوز) ورلڈکپ فیورٹ اور عالمی نمبر ایک انگلینڈ کی مہم شدید مشکلات سے دوچار ہوگئی۔ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹائٹل تک رسائی کی اس کی کوششوں کا دھچکا لگا ہے۔ دفاعی چیمپئن کینگروز نے انگلینڈ کو روندتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ہوم ٹیم64رنز سے شکست کھاگئی۔ اسے لاسٹ فور تک رسائی کیلئے اب بھارت اور نیوزی لینڈ کی سخت ترین ٹیموں کو زیر کرنا ہوگا۔ فی الحال سات میچز میں اس کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا کے 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 45 ویں اوور میں 221رنز پر ڈھیر ہوگئی۔فاسٹ بولر جیسن بہرنڈورف نے پانچ اور مچل اسٹارک نے چار وکٹ لیے۔ پیر کو لارڈز گرائونڈ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا آسٹریلین اوپنرز نے ٹیم کو 123رنز کا آغاز دیا۔ ڈیوڈ وارنر 53 پر آئوٹ ہوئے۔ وہ ایونٹ میں 500رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ عثمان خواجہ 23رنز پر بین اسٹوکس کا شکار بنے۔ فنچ نے ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری بنائی۔ انہیں 100رنز پر آرچر نے آئوٹ کیا۔ اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے 38،38رنزبنانے میں کامیاب رہے۔ فاتح ٹیم نے مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر 285رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ کرس ووکس نے 46 رنز دے کر دو جبکہ جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف میں انگلش ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور 53رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ جیمز ونس پہلے اوور میں صفر، جونی بیئرسٹو 27، جو روٹ آٹھ، کپتان اوئن مورگن چار رنز بناسکے۔ بٹلر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تجربہ کار مچل اسٹارک نے اٹیک میں لوٹ کر بین اسٹوکس کو 89 پر بولڈ کردیا۔ پوری انگلش ٹیم 45 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔