دنیا سے مقابلے کیلئے ٹیکنالوجی بیسڈ تعلیم عام کرنا ہوگی، فردوس عاشق

June 26, 2019

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام دو روزہ ایجوکیشنل ایکسپو کا آغاز پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں ہو گیا ہے۔ ایجوکیشنل ایکسپو 2019 میں ملک بھر کی پبلک و پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایجوکیشنل ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں روایتی تعلیم سے نکل کر رسمی تعلیم کی جانب آنا ہو گا، دنیا کے ساتھ مقابلہ کیلئے ٹیکنالوجی بیسڈ تعلیم کو عام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تمام یونیورسٹیز سربراہان کو پیغام ہے کہ ملک میں معیاری تعلیم کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پی ٹی آئی کے منشور میں بھی یکساں تعلیمی نظام اور تعلیمی اصلاحات اولین ترجیح تھی۔ وزیراعظم کی سرپرستی اور وزیر تعلیم کی زیر نگرانی کابینہ نے نئی ایجوکیشن پالیسی کے حوالہ سے کچھ ترجیحات طے کی ہیں، تعلیم کا شعبہ چونکہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے، اس حوالہ سے صوبوں سے بھی مشاورت کی جائے گی، جن صوبوں میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی حکومت ہے وہاں پر تعلیم کو اولین ترجیح پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کو مدارس اور دیہی علاقوں کے ساتھ منسلک کرنا چاہ رہے ہیں تاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں عوام کو تعلیم کے حوالہ سے شہری علاقوں کے برابر سہولیات میسر ہوں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں بھی وزیراعظم نے قانون ساز پارلیمنٹیرینز کو تجویز دی کہ ملک بھر کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں کو شام کے اوقات میں پرائیویٹ سیکٹر دیئے جائیں تاکہ وہ اسی انفراسٹرکچر سے ملک میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر تعلیم کو ہدایات دیں کہ وہ اس حوالہ سے ایک روڈ میپ تیار کریں، اگر اس حوالہ سے قانون سازی کی ضرورت ہو یا صوبائی حکومتوں سے مشاورت، اس کی بھی نشاندہی کریں تاکہ ایک بہتر حکمت عملی سے آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ نے قلیل مدت میں دنیا بھر میں اسلامی ریاست کا لوہا منوایا، حضرت محمد ؐپر بھی پہلی وحی اقراءنازل ہوئی، اقراءسے شروع ہونے والا دین درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔