پاکستانی ٹیکس حکام کی توجہ کا مرکز متحدہ عرب امارات ہے، ڈاکٹر اشفاق

June 26, 2019

دبئی (سبط عارف) دبئی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹر جنرل برائے انٹرنیشنل ٹیکسز ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے گزشتہ ایمنسٹی اسکیم میں 345 ارب روپے کا کالا دھن سفید کیا تھا، اسی لیے اس بار بھی ٹیکس اور کالادھن کی چھان بین کرنے والے پاکستانی حکام کی توجہ کا مرکز متحدہ عرب امارات ہی ہے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے یہ بات پاکستان قونصل خانے دبئی میں ’ایمنسٹی اسکیم‘ پر ایک آگاہی لیکچر میں دی جس میں امارات میں کاروبار کرنے والی پاکستانی تاجر برادری کے ساتھ ساتھ امارات میں مقیم پاکستانی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلی ایمنسٹی اسکیم میں ایک ہزار ارب روپے کا کالا دھن سفید کیا گیا جس میں سب سے بڑا حصہ امارات میں مقیم پاکستانیوں کا تھا جنھوں نے گزشتہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اُٹھایا تھا۔ دی نیوز کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر اشفاق نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر متحدہ عرب امارات کے حکام پاکستانیوں کی امارات میں موجود پراپرٹیز کی معلومات شیئر کررہے ہیں جبکہ پاکستانیوں کے امارات میں بینک اکاوئنٹس سے متعلق تمام معلومات خود کار نظام کے تحت شیئر ہوتی ہیں جس کے لئے درخواست بھی نہیں کرنی پڑتی۔ ڈاکٹر اشفاق نے دعویٰ کیا کہ اب دنیا میں ٹیکس سے بچاؤ کے قائم کردہ ٹیکس ہیونز (heavens) میں چھپنا ناممکن ہے۔