امریکا، بھارت تجارتی اختلافات کھل کر سامنے آگئے

June 26, 2019

امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاملات پر اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھارت کے ساتھ تجارت جیسے معاملات پر اختلاف رائے کا اعتراف کیا۔

نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں رہنماوں نے کہا کہ وہ ان اختلافات کو حل کرنے کی راہیں تلاش کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل ون آن ون ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو پر واضح کیا کہ دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں بھارت اپنے قومی مفاد کو ترجیح دے گا اور امریکہ کے دباو کو قبول نہیں کرے گا۔

خاص طور پر روس سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے معاملے پر بھارت اور روس کےدرمیان 5 ارب ڈالر کے معاہدے کی امریکہ مخالفت کر رہا ہے۔

اگر بھارت نے امریکی دباو کی وجہ سے یہ معاہدہ منسوخ نہ کیا تو روس کے خلاف امریکی پابندیوں کی لپیٹ میں بھارت بھی آ سکتا ہے۔

اس سے قبل یکم جون کو جب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت کی تجارتی مراعات منسوخ کیں تو جواب میں بھارت نے بھی 28 امریکی مصنوعات پر انتقامی طور پر محصولات عائد کر دیئے تھے۔