ویمنز فٹبال:ہالینڈ اور اٹلی کی کوارٹر فائنل میں رسائی

June 27, 2019

پیرس (شکیل یامین کانگا/ نمائندہ خصوصی) ہالینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 2۔1کی شکست دیکر فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے ٹاپ ایٹ میں جگہ بنالی۔ دوسرے میچ میں اٹلی نے چین کو باسانی 2۔0 سے زیر کرکے اگلے مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پری کوارٹر میں ہالینڈ کی لائیکے مارٹنز نے 17ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی۔ جسے وقفے سے دو منٹ قبل اسٹرائیکر یوئی ہاسیگو نے گول کرکے ختم کردیا۔ 89ویں منٹ میں جاپانی کپتان ساکی کماگئی کو فائول پلے کا مظاہرہ کرنے پر یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا اور کھیل کے آخری منٹ میں لائیکے مارٹنز نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرکے ہالینڈ کو 2۔1کی فتح دلوا دی۔ ناک آئوٹ مرحلہ جمعرات 27 جون سے شروع ہوگا۔ پہلا کوارٹر فائنل انگلینڈ اور ناروے ، کے درمیان کھیلا جائے گا۔