گانا ’کوئی نہ کوئی چاہیے‘ شاہ رخ کو کیوں یاد آیا؟

June 27, 2019

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے انڈسٹری میں 27 سال مکمل ہونے پر انہیں اپنی پہلی فلم ’دیوانہ‘ کا شاندار بائیک سین ایک مرتبہ پھر یاد آگیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


رواں سال 25 جون کو شاہ رخ خان کے بالی ووڈ میں 27 سال مکمل ہوگئے، اس موقع پر انہیں دنیا بھر سے بے شمار مبارک باد اور نیک تمنائوں کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کنگ خان نے ایک نیا اور دلچسپ انداز اپنایا ہے جو کہ بے حد پسند کیا جارہا ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہر دلعزیر اداکار شاہ رخ خان نے اپنے اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی پہلی فلم ’دیوانہ‘ کے ایک گانے ’کوئی نہ کوئی چاہیے پیار کرنے والا‘ پر اُسی انداز میں بائیک چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں جیسے فلم دیوانہ میں انہوں نے بائیک سین کیا تھا۔

شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں 27 سال مکمل ہونے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ویڈیو میں کہا کہ ’میں بھارتی فلم سنیما میں اپنے 27 سال مکمل ہونے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو کہ میری زندگی کا نصف حصہ ہے۔ میں نے اپنے مداحوں کو ہمیشہ تفریح فراہم کرنے کی کوشش کی ہے جس میں کبھی میں کامیاب رہا اور کبھی ناکام بھی ہوا۔ ‘

اس کے علاوہ کنگ خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اُن تمام مداحوں کے وہ بے حد شکر گزار ہیں جو انہیں اُس وقت سے برادشت کررہے ہیں جب وہ پہلی مرتبہ موٹر سائیکل پر ’کوئی نہ کوئی چاہیے‘ گاتے ہوئے اسکرین پر آئے اور آتے ہی لوگوں کے دلوں میں سوار ہو گئے تھے۔ شاہ رخ نے مزید کہا کہ ’آپ لوگوں نے مجھے صرف اپنے دلوں میں سوار ہونے کی نہیں بلکہ مجھے وہاں رہنے کی بھی اجازت دے دی۔ ‘

شاہ رخ خان کی پہلی فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اُن کے علاوہ نامور اداکار رشی کپور اور اداکارہ دیویا بھارتی بھی تھے۔ فلم دیوانہ میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلموں کی لائن لگ گئی اُن کی بلاک بسٹر فلموں میں بازی گر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم اور دیگر موجود ہیں۔

بالی ووڈ میں 27 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان کو جہاں ہر طرف سے نیک خواہشات کے پیغامات مل رہے ہیں وہیں کنگ خان نے اپنے مداحوں کو بری خبر بھی سنادی کہ وہ اب فلموں میں کام نہیں کریں گے اور اپنا سارا وقت فیملی کے ساتھ گزاریں گے۔ تاہم انہوں نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک فلموں سےدور رہیں گے۔