یقین کا سفر میں کام ٹرننگ پوائنٹ تھا، احد رضا

July 02, 2019

نوجوان نسل کے مقبول اداکاراحد رضا میرپاکستان کے معروف اداکار وگلوکار،پروڈیوسر اور پلے رائٹر بھی ہیں۔ وہ ڈراما سیریل ”یقین کا سفر“ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار احد رضا میر نا صرف پاکستانی شوبزمیں اپنے فن کا لوہا منوارہے ہیں، بلکہ بیرون ممالک بھی اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

29ستمبر 1993میںپیدا ہونے والے اداکار کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے شہرت یافتہ اداکار آصف رضا میر کے بڑے صاحبزادے ہیں۔

انہوں نے ایسے گھرانے میںآنکھ کھولی جہاں ان کے والدآصف رضا میر کے علاوہ ان کے دادا احمد رضا میر پاکستانی فلم انڈسٹری کا حصہ تھے۔ ان کے دادا نے1948میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی پہلی فلم’’ تیری یاد‘‘ میںبطور سینما گرافر کام کیا۔

احد رضا میر نے پرفارمنگ آرٹس ہائی اسکول میںدو برس گزارے اور یونیورسٹی آف کیلگری سے فائن آرٹس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ احد رضامیر نے 2010میں ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئےڈرامہ سیریل’ ’سمی‘‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، لیکن وہ اپنے والد آصف رضا میر کی طرح شاندار اداکاری کا مظاہرہ نہیںکرسکے اور ناظرین کی توجہ حاصل نہ کرسکے ۔

پھر وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کی غرض سے کینیڈا شفٹ ہوگئے اور2017 میں اداکارہ سجل علی کے ساتھ ڈرامہ سیریل’ ’یقین کا سفر‘‘ میں کام کیا۔ اس ڈرامے میں وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے راتوں رات شہرت کی بلندی پر پہنچ گئے۔

’’یقین کا سفر‘ میں سجل اور احد کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔ خیال رہے کہ ڈراموں کی دنیا میں اس جوڑی نے حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کو ہمسفر چن لیا ہے۔

احد رضا میر کی عمدہ اداکاری کی وجہ سے ڈائریکٹر حسیب حسن نے ان کو 2018 میںریلیز ہونے والی فلم ’’پرواز ہے جنون ‘‘میںکاسٹ کیا، جس میںانہوں نے’’ سعد‘‘ کا کردار بخوبی نبھایا۔ اس فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر بھی شامل تھیں۔

25سالہ اداکار احد رضا میرپاکستانی ڈراموں اور سلور اسکرین میں جلوہ گر ہونے سے قبل کینیڈا میں تھیٹر پر اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے ہیں۔ انہوں نےحال ہی میں تھیٹر پلے میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھا کر بین الاقوامی ایوراڈ اپنے نام کیا ۔ 22ویں 'بے ٹی مچل ایوارڈ کی تقریب 24 جون کو کینیڈا میں ہوئی جس میں احد رضا میر کو مقبول ترین تھیٹر پلے ’ہیملیٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین بین الاقوامی تھیٹر اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تھیٹر پلے ’’ہیملیٹ‘‘ شہرت یافتہ انگلش مصنف اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی تحریر ہے، جس کے تھیٹر پلے میں احد رضا میر نے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے تھے۔ علاوہ ازیں 2018 میں کوک اسٹوڈیو سیزن الیون میں علی حمزہ اور زوہیب قاضی کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔