امریکیوں کیساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے، طالبان مذاکرات کار

July 10, 2019

طالبان کے مرکزی مذاکرات کار عباس ستانکزئی کا کہنا ہے کہ امریکیوں کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا ساتواں دور ختم ہوگیا، اس موقع پر طالبان کے مرکزی مذاکرات کار عباس ستانکزئی نے صحافیوں سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ اب معاہدے کا حتمی مسودہ فائنل ہونا باقی ہے، جیسے ہی مسودہ فائنل ہوا، اسے میڈیا کے ساتھ شیئر کریں گے۔

دوحہ مذاکرات پر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں 4 نکات پر پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب افغانستان امریکا کے لیے خطرہ نہیں رہے گا، تو ہم بطور ملٹری پوائنٹ آف ویو افغانستان چھوڑ دیں گے۔

زلمے خلیل زاد نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے ساتھ مستقبل میں اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہم پُرامید ہیں اور اس بارے میں اچھی سوچ رکھتے ہیں۔