اپوزیشن حکومت گرانا نہیں چاہتی، سعد رفیق

July 11, 2019

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ اپوزیشن حکومت گرانا نہیں چاہتی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران سعد رفیق اور سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ہر طبقہ موجودہ حکومت سے پریشان ہے، تاجروں کی وزیر اعظم سے ملاقات بے سود رہی، وزیر اعظم تاجروں کو مطمئن ہی نہیں کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی درجۂ حرارت بڑھ رہا ہے، ایسے ملک نہیں چل سکتا، حکومت کہہ رہی ہے سب ٹھیک ہے لیکن سب درست نہیں ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ جب حکومت بدلتی ہے تو ہم جیل چلے جاتے ہیں، عالمی قوتیں سرگرم ہیں، ملک ایسے نہیں چل سکتا، جب وقت ہاتھ سے نکل گیا تو کوئی سیاسی جماعت حکومت کی بات نہیں سنے گی۔

احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 جولائی تک توسیع کردی، جس کے بعد پولیس اہلکار خواجہ برادران کو لے کر جیل کے لیے روانہ ہو گئے۔