بیورو کریسی اور ایف بی آر میں ایک بار پھر اکھاڑ پچھاڑ

July 12, 2019

وفاقی حکومت نے وفاقی بیورو کریسی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کردی۔

وفاقی حکومت کے مطابق ایف بی آر کے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں کے 503افسران تبدیل کردیے۔

بیورو کریسی میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، چیئرمین این ایچ اے جواد ملک کو ہٹاکر سیکریٹری مواصلات بنادیا گیا جبکہ سکندر قیوم نئے چیئرمین این ایچ اے مقرر کردیئے گئے۔

وفاقی حکومت نے سیکریٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی کو سیکریٹری وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈاکٹر ندیم شفیق ملک کو سیکریٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ تعینات کردیا ہے۔

سیکریٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ عامر حسن کو عہدے سے ہٹا کر، اور جوائنٹ سیکریٹری منصوبہ بندی شہزاد نواز چیمہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹکرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ندیم ڈار کا بطور ممبر فیڈرل لینڈ کمیشن تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے مطابق ایف بی آر کے آپریزنگ آفیسر،ایویلیو ایشن آفیسرز، انسپکٹرز، سپرنٹنڈنٹس اور کسٹمز کے انٹیلی جنس افسران جو کئی سال سے ایک جگہ پر تعینات تھے انہیں تبدیل کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے گزشتہ ہفتے بھی 2ہزار 154افسران تبدیل کئے تھے۔