سپریم جوڈیشل کونسل کا تیسرا اجلاس ختم

July 12, 2019

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا تیسرا اجلاس ختم ہوگیا۔

اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز کی سماعت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے جواب کا جواب الجواب کونسل میں جمع کرا دیا۔

ذرائع کے مطابق کونسل اٹارنی جنرل کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد حکم جاری کرے گی۔

یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائس پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جج کے کے آغا کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجا تھا۔

ریفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر ان کی بیرون ملک جائیدادوں کو اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔