المصطفیٰ ٹرسٹ کا سندھ،بلوچستان کیلئے موبائل آپریشن تھیٹرکا اعلان

July 14, 2019

لندن( پ ر ) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں آل پاکستان میمن فیڈریشن کی جانب سے میمن کمیونٹی سینٹر جمشید روڈ کراچی میں استقبالیہ دیا گیا جس میں المصطفیٰ کے سرپرست حاجی محمد حنیف طیب، معروف اینکر پرسن سہیل وڑائچ، نواز کھرل، وجاہت علی خان ، ڈاکٹر عبدالرحیم سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ عبدالرزاق ساجد نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ آنکھوں کے مفت آپریشن کے لئے دو موبائل کٹینرعطیہ کرے گی جن کی مدد سے سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں جہاں ہسپتال، ڈاکٹروں اور آپریشن کی سہولیات موجود نہیں وہاں سفید موتیا کے آپریشن کئے جائیں گے ، بعدازاں پنجاب ، کشمیر ، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں بھی فری موبائل آپریشن تھیٹر کا منصوبہ شروع ہو گا۔ سہیل وڑائچ نے میمن برادری کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ میمن برادری پاکستان کی فنانشل ہیلتھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد میمن برادری کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور ملکی معیشت بہتر بنائیں، میمن برادری کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن 80فیصد معیشت ان کی مرہون منت ہے۔ میمن برادری کاکاروباری دماغ پورے پاکستان سے زیادہ ہے،میمن برادری پاکستان کی کریم ہے، میمن بھائی سادگی ، انسانی محبت کی مثال ہیں، مسلمانوں کو میمن برادری سے کاروبار سیکھنے کی ضرورت ہے ، میمن برادری اپنے اداروں سے جڑی ہوئی ہے ، وہ زمین پر بیٹھتے ہیں، سادہ دفتروں اور گھروں میں رہتے ہیں اور یہی ان کا کاروباری امتیاز ہے ۔ میمن فیڈریشن کے صدر حنیف موٹلانی اور سینئر نائب صدر حنیف اسحاق نے اس سے قبل خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ میمن برادری بلاتفریق پوری انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ، ملک میں امراض قلب کا سب سے بڑا ٹبہ ہسپتال میمن برادری چلا رہی ہے، عبدالستار ایدھی، حاجی حنیف طیب ، بشیرسیلانی بھی میمن برادری سے تعلق رکھتے ہیں، تقریب کے اختتام پر معروف ٹیکسٹائل صنعتکار خواجہ قدیر کی رہائش پر عشائیہ دیا گیا ۔