عمران خان خود ججز پر دبائو ڈالنے والی مافیا کا حصہ ہیں، مریم نواز

July 14, 2019

لاہور(نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے عمران خان ججز پر دبا ئوڈالنے والی مافیا کا حصہ ہیں، اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے اور سزائیں دلانے کیلئے ججز پر دبا ئوڈالتے ہیں، وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا عمران خان اپنے سیاسی مخالفین سے بدلہ لینے کیلئے اداروں کو استعمال کرتے ہیں اور اس دوران اداروں کو بدنام بھی کراتے ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے،مریم نواز کا کہنا تھا جو گھنائونی سازش نواز شریف کو سزا دینے اور میدان سے باہر رکھنے کیلئے رچائی گئی عمران خان اس میں شامل اور قصوروار ہیں، ان کا بھیانک چہرہ جج نے پوری دنیا کو دکھا دیا ہے، سلیکٹڈ تو تھے ہی اب انکے گھنائونے کردار پر بھی مہر لگ چکی ہے، وہ اب اپنے بڑوں کے پیچھے مت چھپیں،مریم نواز نے مزید کہا ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے گئے اور سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کرلی گئیں مگر نواز شریف کو توڑنے اور جھکانے کا خواب دیکھنے والے آج بھی ناکام ہیں۔