’شریف خاندان برسوں سے عالمی شرمندگی کا باعث ہے‘

July 14, 2019

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ برسوں سے نواز شریف اور شہباز شریف کا خاندان پاکستان کے لیے عالمی سطح پر شرمندگی کا باعث بنا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر برطانوی امداد کی چوری کے الزامات کے حوالے سے برطانوی اخبار کے دعوے سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان برسوں سے عالمی شرمندگی کا باعث بنا ہوا ہے، انہوں نےمجرموں کو تحفظ دیا، عدلیہ کو دباؤ میں لیا، انہیں رشوت دینی چاہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز اور شہباز کے خاندانوں نے بے قصور افراد کو قتل کیا،اب پتاچلا کہ شہبازشریف خاندان نے زلزلہ متاثرین کے لیےبرطانوی امداد میں نقب لگائی۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار نے تحقیقاتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے برطانیہ سے حاصل کی جانیوالی امدادی رقم کا کچھ حصہ منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس برطانیہ منتقل کیا۔ ان کے دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ پانچ سو ملین پاؤنڈ رقم پنجاب کو دی تھی۔