فلور ملز ایسوسی ایشن کا بدھ کو سیلزٹیکس کےخلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان

July 16, 2019

اسلام آباد(مہتاب حیدر) آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (APFMA)نے بدھ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ہڑتال گندم پر ٹیکس لگانے کے خلاف کیا جارہی ہے۔ ایسو سی ایشن کے پنجاب چیپٹر کے چیرمین حبیب الرحمٰن لغاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت کو اس ضمن میں خط لکھے تھے مگر کوئی جوا ب نہیں ملا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آٹے کو سیلز ٹیکس کے شیڈول 6سےنکال کر شیڈول 8 میں ڈال دیا جس سے 17 فیصد جی ایس ٹی لگا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 اور 20 کلو گرام کے تھیلوں کو سیلز ٹیکس سے چھوٹ فراہم کی گئی ہے تاہم 40 کلو گرام او اس سے اوپر کی بوریوں پر سیلزٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ا س کے علاوہ حکومت نے گندم پر سیلز ٹیکس لگا دیا گیا ہے جس سے کاروبار بند ہوجائے گا۔ جبکہ ایف بی آر نے کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 میں ترمیم کرکے سیلز ٹیکس عائد کیا ہے مگر کنفیوژن ، ابہام دور کرنے کے لئے یہ اعلان کردیا گیا ہے کہ گندم آٹے ، میدہ اور سوجی پر کسی قسم کا سیلز ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا تھا کہ یہ بات بڑی وضاحت سے بجٹ اعلان میں کردی گئ ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ آٹے یا کسی بھی شکل میں اس کی خرید و فروخت سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔