جبری برطرفی، غیراعلانیہ سنسرشپ کیخلاف آج پی ایف یوجے کا یوم سیاہ منانے کا اعلان

July 16, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر ملک بھر میں میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں،ٹی وی چینلز کی جبری بندش اور غیر اعلانیہ سنسر شپ کیخلاف منگل 16جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائیگا ،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی زیر صدارت تین روزہ ایف ای سی میں مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ اس روز ملک بھر کے پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرا کر اور میڈیا ورکرز بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر صحافتی فرائض انجام دینگے جبکہ تمام یوجیز اپنے اپنے شہروں میں مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں کی مدد سے بڑے احتجاجی مظاہروں و ریلیوں کا اہتمام کرینگے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل لالہ اسد پٹھان نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے میڈیا ورکرز کی برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں اور غیر اعلانیہ سنسر شپ کے خاتمے تک خاموش نہیں بیٹھے گی دوسرے مرحلے میں انٹرنیشنل سیمینار سمیت دیگرممالک میں پاکستانی صحافی اس ظلم کیخلاف احتجاج کرینگے،راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے زیر اہتمام16 جولائی کودن 12بجے نیشنل پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔