ایک اور منتخب وزیر اعظم گرفتار ہو گیا: مریم نواز

July 18, 2019

سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرے ہم وطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار ہو گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردِعمل کا اظہار کر رہی تھیں۔

انہوں نے اپنے بیان کے ساتھ شاہد خاقان عباسی کی نیب حکام کے ہاتھوں گرفتاری کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے عوام سے سوال کیا ہے کہ جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟

ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے نیب کی جانب سے جاری کیے گئے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹِ گرفتاری کا عکس شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے!

واضح رہے کہ نیب نے لاہور ٹول پلازہ کے قریب آج سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کیا ہے۔