ریاستی دہشت گردی کی تحقیقات، فیکٹ فائنڈنگ مشنز مقبوضہ کشمیر بھیجے جائیں، فاروق حیدر

July 19, 2019

برسلز (حافظ انیب راشد) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز بلجیم کے دارالحکومت اور یورپی ہیڈ کوارٹر برسلز میں یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بات چیت کی گئی۔ ان ملاقاتوں کے موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید اور کونسل کے سینئر اراکین ایمبیسڈر انتھونی کرزنر اور آندرے بارس بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے گزشتہ روز جب وزیراعظم کشمیر کشمیر کونسل ای یو کی دعوت پر بلجیم پہنچے تو برسلز ائر پورٹ پر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے برسلز میں اقوام متحدہ کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ادارے کی حالیہ رپورٹ کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ کی اس سال اور پچھلے سال کی رپورٹوں کی روشنی میں بین الاقوامی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی جائیں اور اس مقصد کے لئے حقائق معلوم کرنے والے مشنز مقبوضہ کشمیر روانہ کئے جائیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے برسلز میں قیام کے دوران کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا اور کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں حقائق کو یورپی حکام اور عوام تک پہنچانے کے لئے جاری کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، ان کی پوری ٹیم اور دوست احباب جس جانفشانی سے یورپ میں مسئلہ کشمیر پر کام کررہے ہیں، ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس دوران کشمیر کونسل کے سینئر عہدیدار ایمبیسڈر انتھونی کرزنر، آندرے بارس اور رومونا اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان جو گزشتہ چند سالوں تسلسل کے ساتھ یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم کی ان کوششوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان سپین اور اٹلی کے بعد اپنے دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ روز بلجیم پہنچے تھے۔