کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کے فیصلے سے خوشی ہوئی ، حاجی منیر

July 20, 2019

وٹفورڈ(احتشام الحق قریشی )سماجی و سیاسی رہنماء حاجی محمد منیر نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے کیس میں عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے۔ فیصلہ آنے کے بعد نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی کہ بھارتی موقف کو عالمی عدالت انصاف میں پزیرائی نہ ملی بلکہ پاکستان کے عدالتی فیصلے پر مہر تصدیق ثبت ہوئی کہ کلبوشن کے حوالے سے جو فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کیا وہ درست فیصلہ تھا۔ دنیا بھر میں بھارتی لابی کو جہاں موقع ملتا ہے وہ پاکستان کو بدنام کرنے اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں پیش پیش رہتی ہے۔ اب کی بار بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے جو چال چلی تھی اس میں اسے بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور عالمی دنیا میں بھارت کو سبکی اٹھانا پڑی۔پاکستانی وکیل بیرسٹر مخدوم خاور قریشی اور پاکستان کے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ قلیل وقت میں انھوں نے پاکستان کا کیس لڑا اور اس کو انجام تک پہنچایا۔جس سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان میں رول آف لاء کی حکمرانی ہے۔