ہم یہاں انصاف کرنے بیٹھے ہیں ناانصافی کیلئے نہیں ، چیف جسٹس

July 20, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے ہائی ایس وین سے موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے سے متعلق ملزم راشد کی ضمانت منسوخ کرنے کی مدعی مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریماکس دیئے کہ ابھی تو سزا اور جزا باقی ہے آپ پہلے کیوں سزا دلوانا چاہتے ہیں؟ ہم یہاں انصاف کرنے بیٹھے ہیں ناانصافی کیلئے نہیں بیٹھے۔ ہر کیس اپنی باری میں چلے گا کسی اور کا کیس روک کر آپ کا کیس چلانے کا حکم نہیں دے سکتے۔ ملزم کو جیل میں رکھ کر آپ انا کی تسکین چاہتے ہیں؟سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کے روبرو ہائی ایس وین سے موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے سے متعلق ملزم کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔