حکومت پاکستان سرمایہ کاری اورسیاحت کیلئےکوشاں ہے،گوادرمستقبل میں عالمی سرمایہ کاروں کا مرکزہے،مقررین

July 22, 2019

برمنگھم (آصف محمود/ صائمہ ہارون) پاک چائنا اقتصادی راہداری نہ صرف عالمی سرمایہ کاری کا مرکز ہے بلکہ تسلی بخش منافع کی غمازی کرتا ہے۔ گوادر ڈیلوپلمنٹ اتھارٹی آنے والے وقتوں میں عالمی سرمایہ کاروں کا مرکز ہے۔ گوادر میں آج کی گئی سرمایہ کاری بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ لندن کے بعد دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں ایرونیکسAeronex، مرینہ انکلیوMarina Enclaveنے پاکستان میں سرمایہ کاری اور گوادر جیسے میگا پراجیکٹس سے اور اوورسیز پاکستانیوں کو آگاہ کرنے کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا۔ قاری تنویر اقبال قادری نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ سید علی ہاشمی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ سیمینار میں قونصلر جنرل آف پاکستان احمر اسمٰعیل، لارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمد عظیم،پاکستان چیمبر آف کامرس برطانیہ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر وحیدالرحمٰن نے خصوصی شرکت کی جب کہ سیمینار میں کمیونٹی رہنمائوں راجہ اشتیاق، پی آئی اے کے ظہیر شاہ، پیر محمد طیب الرحمٰن قادری، مرزا صابر، غزالہ شیخ، مرزا فیصل، غضنفر محمود سمیت کثیر تعداد میں کمیونٹی رہنمابھی شریک تھے۔ لارڈ میئر برمنگھم کونسلر محمد عظیم نے کہا کہ بہترین موقع ہے کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاک، برطانیہ پہلے بھی بہترین دوست ہیں، مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ قونصلر جنرل احمر اسمٰعیل نے کہا کہ موجودہ گورنمنٹ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے مختلف ممالک میں روڈ شو کررہی ہے تاکہ تارکین وطن کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جائے، یہ بہت اچھا ہے کہ برطانوی رجسٹرڈ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے کوشاں ہے۔ بیرسٹر وحیدالرحمٰن نے کہا کہ اب برطانیہ میں مقیم اوورسیز کمیونٹی ملک میں یہاں کے قوانین کے مطابق سرمایہ کاری کرسکتی ہے۔آپ اپنے بہتر مستقبل، محفوظ سرمایہ کاری اور تسلی بخش منافع کے لئے مطمئن ہوکر اپنا سرمایہ لگاسکتے ہیں اس موقع پر عماد ملک اور دیگر نے مرینہ انکلیو کے حوالے سے تفصیل اور اسپیشل آفر بتائیں اور ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں لوگوں نے گہری دلچسپی لی۔