عمران خان کا واشنگٹن میں شاندار جلسہ لوگوں کو حیران کرگیا

July 23, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) عمران خان کا کیپٹل ایرینا واشنگٹن میں شاندار جلسہ لوگوں کو حیران کرگیا ‘ 9سالہ کوہ پیما سلیینا خواجہ کا ایک اور چوٹی سر کرنے کا کارنامہ ‘ گلوکارہ علی نور کا سرپرائز ”منوا رے “ کا ورژن شیئر کردیا ‘ ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزارنے پر مجبور ‘ کوئی پرسان حال نہیں ‘ محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے کہا کہ محسن بہت زیادہ جھوٹ بولتے ہیں‘بچے کے حق کے لئے ہر ممکن حدتک جاؤں گی ‘بچے کے پیدائش کی اطلاع تھی مگر رابطہ نہیں کیا ۔ جیو نیوز کےمارننگ شو ”جیو پاکستان “میں ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل،سینئر تجزیہ کار زاہد حسین،سینئر تجزیہ کار امتیاز گل اور کرکٹر ثناء میر نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔پروگرام کا آغاز اینکر اور اداکار محسن عباس اور اہلیہ فاطمہ سہیل کے درمیان جھگڑے سے کیا گیا اور بتایا گیا کہ اداکار ‘ اینکر محسن عباس حیدر اور ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کے درمیان جھگڑے کا چرچا نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پر گرما گرم خبر کے طور پر لیا جارہا ہے ‘فاطمہ سہیل نے پولیس کو جو درخواست دی ہے اس میں محسن عباس پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ محسن عباس نے جوابی طور پر پولیس کو درخواست دینے کے علاوہ ایک پریس کانفرنس بھی کی ہے جس پر جوابی الزامات فاطمہ پر عائد کئے گئے ہیں ۔ فاطمہ سہیل نے میزبان عبداللہ سلطان اور نیلم یوسف کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو تصاویر میں نے شیئر کی ہیں وہ اس وقت کی ہیں جب میں تین ماہ کی حاملہ تھی اور اس وقت محسن نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا تھا محسن کا یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ یہ سیڑھیوں سے گرنے کے نشانات ہیں اور لوگ اندھے نہیں ہیں وہ تشدد اور سیڑھیوں سے گرنے کی چوٹ میں فرق کرسکتے ہیں ۔ میں نے محسن کو بہت بچانے کی کوشش کی ہے کیونکہ میرا خیال یہی تھی کہ بچے کی پیدائش کے بعد محسن میں تبدیلی آجائے گی ‘ محسن نے جو مجھے 16 اور 18 جولائی کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے میں اس کا میڈیکل جاکر کیا کرواؤں کیونکہ تازہ تشددکے کوئی واضح نشانات نہیں ہیں ۔ بچے کے حوالے سے محسن مجھ سے بات کرنا پسند نہیں کرتے تھے اور انہوں نے میرے نمبر کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا جس کی وجہ سے مجھے گھر جانا پڑا تھا کیونکہ وہ گھر میرا بھی ہے ۔ بچے کی پیدائش کے وقت ہی نہیں پہلے اس سے کافی پہلے سے میرا محسن سے کوئی رابطہ نہیں تھا مگر محسن کو بچے کی پیدائش کی تاریخ ضرور پتہ تھی ‘ میں نے اسپتال پہنچ کر بھی محسن کو کالز اور ایس ایم ایس بھی کئے ہیں ‘ دوسرے نمبرز سے بھی کئے کیونکہ میرا نمبر بلیک لسٹ میں تھا مگر اس پر بھی محسن نے کوئی رسپانس نہیں دیا ۔میں نے کوشش کی کہ محسن بچے کو اس کا حق دے ‘ باپ کا پیار دے اور اب یہی درخواست لے کر میں عدالت میں گئی ہوں کہ میرے بچے کا حق دلوایا جائے ۔ فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ میں محسن کی گرل فرینڈ ماڈل نازش کے پاس صرف یہ کہنے گئی تھی کہ میرے آدمی کا پیچھا چھوڑ دو کیونکہ اس سے میرا گھر خراب ہورہا ہے ‘ محسن اور نازش کا یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ میں نازش سے ملتی رہی اور اس کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتی رہی ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محسن نے کئی بار تسلیم کیا ہے کہ ان کا نازش کے ساتھ افیئر چل رہا ہے ۔ میں یہ غلطی تسلیم کرتی ہوں کہ جب میرا اپنا شوہر ہی ٹھیک نہیں تو مجھے اس عورت کے پاس نہیں جانا چاہئے تھا ۔ میری فیملی نے میری محبت کی شادی کے باوجود ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے اور ان کو میرے اوپر ہونے والے ہر ظلم کا علم تھا اوروہ کہتے رہے ہیں کہ آپ کھڑی ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں ‘ میری بہن خود میڈیا میں ہے لیکن میں اپنا گھر بسانا اور طلاق سے گریز کرنا چاہ رہی تھی ۔ محسن میرے بچے کا خرچہ بالکل ابھی اٹھارہے ہیں تاہم جب بچے کی پیدائش ہوئی اس کے دو دن بعد یہ اسپتال آئے مگر اس شرط کے ساتھ کہ میں اپنے گھر والوں کو وہاں سے نکال دوں جس پر میں نے گھر والوں سے درخواست کی کہ وہ چلے جائیں ۔ مگر ابھی محسن میری فیملی کا استعمال کرکے میری کردار کشی کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اس میں انہوں نے میری وفات پاجانے والے بیٹی کو بھی استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے محسن کے اس الزام کی تردید کی کہ میں تھانے سے آنے والا فون نہیں اٹھارہی ہوں اور موبائل بند کیا ہوا ہے جبکہ محسن کی پریس کانفرنس کے بعد میں نے تھانہ ایس ایچ او سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ ناں ہی محسن میرے پاس آیا ہی اور نہ ہی میری اس سے کوئی ملاقات ہوئی ہے اور اس کی ریکارڈنگ بھی میرے پاس موجود ہے جو میں رات کو ہی سوشل میڈیا پر شیئر کرچکی ہوں ۔ محسن پریس کانفرنس کے لئے پورا اسکرپٹ تیار کرکے لائے تھے اور پوری پریس کانفرنس ہی ان کی جھوٹی پر مبنی تھی اور مجھے افسوس ہے کہ وہ مسلسل قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر جھوٹ بولتے رہے ۔ محسن کے گھر والے ہی سب کچھ جانتے ہوئے محسن کو ہی سپورٹ کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے اس کی بھی تردید کی کہ میں نے محسن سے گھر اپنے نام کرنے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ گھر پہلے ہی 15 سال کی لیز پر ہے آدھا محسن اور آدھا بینک کے نام پر ہے تو پھر کیسے میں اس گھر کو اپنے نام کرنے کا مطالبہ کرسکتی ہوں ۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ میں اپنے بچے کے حق کے لئے جہاں تک ہوسکے گا وہاں جاؤں گی ۔ پاکستان کی کم عمر ترین کوہ پیما سلینا خواجہ کے کارنامے کی خبر بھی جیو پاکستان کا حصہ تھی جس میں بتایا گیا کہ سلینیا خواجہ کا ایک اور بڑا کارنامہ ‘ 9سالہ سلینا نے 6 ہزار 50میٹر بلند مینگلی سر چوٹی سر کی ہے ‘ واضح رہے کہ سلینیا خواجہ ہنزہ میں واقع قزسر چوٹی بھی سرکرچکی ہیں‘سلینیا خواجہ پہلے میروہ جانی ‘ مکڑو اور کوزسر کے پہاڑ بھی سر کرچکی ہیں ننھی سلینا ابھی مزید بلندیوں کو سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں ۔ مشہور گلوکار علی نور کے حوالے سے خبر بھی جیو پاکستان کے ناظرین سے شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ علی نورجو پچھلے دنوں کافی بیمار تھے اب صحت یاب ہوچکے ہیں اور ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے اپنی صحت یابی کی خبر شیئر کرتے ہوئے ساتھ ہی ایک سرپرائز کا اعلان بھی کیا ہے اور وہ سرپرائز یہ کہ انہوں نے 2002ء کے مشہور گانے ”منوا رے “ کا خصوصی ورژن شیئر کیا ہے جس میں آکا پیلا کا تاثر دیا گیا ہے ‘آکا ‘ پیلا گانے کا مطلب اپنے منہ سے موسیقی کا تاثر دینا ہے یعنی اپنے ہی منہ سے مختلف ساؤنڈ پیدا کرکے یہ گانا بنایا جاتا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان جو امریکا کے دورے پر ہیں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی اپنے ملک کے وزیراعظم کا خطاب سننے کے لئے شرکت ایک سپرائز ہی کہی جاسکتی ہےنمائندہ جیو نیوز واجد علی سید نے واشنگٹن سے جیو پاکستان میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے یقینی طور پر واشنگٹن میں ایک تاریخی جلسہ کیا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔سینئر تجزیہ کار زاہد حسین کا کہنا تھا کہ جس تناظر میں یہ دورہ امریکا ہورہا ہے اس وقت پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہت اچھے نہیں کہے جاسکتے ہیں ‘ کشیدگی ابھی بھی موجود ہے دورے کا مقصد امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانا ہے کیونکہ امریکا کا پاکستان سے اور پاکستان کا امریکا سے مفاد وابستہ ہے یقینی طور پر اس دورے سے پاک ‘ امریکا تعلقات میں کشیدگی میں کمی نظر آئے گی ۔ کرکٹ کی انٹرنیشنل کونسل کمیٹی آئی سی سی نے پاکستان کی خاتون کرکٹر ثنا میر کو آئی سی سی کی تین رکنی ویمن کمیٹی میں شامل کرلیا ہے جس پر ثنا میر نے آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی فورم پر نمائندگی میرے لئے اعزاز ہے ‘ ساتھ ہی ثنا میر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ثنا میر کو کامیابی پر مبارک باد دی گئی ہے ۔فلم ایونجرز اینڈ گیم نے سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ بنالیا ہے‘ ہفتے کے اختتام پر ایونجرز نے”اواتار “ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ فلم ایونجرز نے ویک اینڈ اختتام پر 2 اعشاریہ 8ملین سے زائد کا بزنس کیا ہے ۔ اوینجرز اینڈ گیم کا باکس آفس بزنس 2ارب 789 کروڑڈالرز ہوگیا جبکہ فلم اواتار کا بزنس 2ارب 788 کروڑ ڈالرز تھا ۔ پروگرام میں انڈیا کے مشہور و معروف امبانی خاندان کے حوالے سے خبر بھی ناظرین سے شیئر کی گئی اور بتایا گیا کہ بھارتی امبانی خاندان کی ایک متنازع وڈیو سامنے آگئی ہے یہ وڈیو نئی نویلی دلہن شلوکا کی سالگرہ پر بنائی گئی ہے اور اس وڈیو میں شلوکا کے یہاں بچے کی خوشخبری کے حوالے سے سوالات کئے جارہے ہیں جس پر امبانی خاندان کی نئی بہو شلوکا کا طرز عمل کافی ناراض قسم کا سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اس وڈیو اور ذکر کو امبانی خاندان کی شان کے خلاف قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ابھی شادی کو صرف چار ماہ ہوئے ہیں اس لئے اس قسم کا ذکر ابھی مناسب نہیں ہوگا ۔ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق لندن میں انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کررہی ہین اس حوالے سے خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پارٹی نے مکمل طور پر شمائلہ فاروق کا ساتھ چھوڑ دیا ہے جس کے باعث اب ان کے لئے گزر بسر کرنا مشکل ہوگیا ہے او روہ اپنے دو بچوں کے ساتھ انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہی ہیں ۔ مرتضیٰ علی شاہ نمائندہ جیو نیوز لندن کا کہنا تھا کہ یہ فیملی انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہے جس کے باعث شمائلہ فاروق انتہائی مالی اور ذہنی مشکلات کا شکار ہیں اور وہ کرائے کا گھر بھی نہیں لے پارہی ہیں اور اگر حالات یہی رہے تو پھر وہ سڑک پر زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گی ۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ خود پارٹی کے لوگوں کو بھی نہیں پتہ تھا کہ ان کی پارٹی کے لئے انتہائی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ اور ان کے بچے لندن میں کیسی اور کہاں زندگی گزار رہے ہیں تاہم جیو نیوز نے بھرپور تحقیقات کیں اور بتایا لگایا کہ شمائلہ فاروق اپنے دو بچوں کے ساتھ ایک پیزا شاپ اور ایک مکینک ورکشاپ کے اوپر ایک بوسیدہ سے فلیٹ میں زندگی گزار رہی ہیں ان کی کسمپرسی کایہ حال ہے کہ کوئی بھی پراپرٹی ایجنٹ ان کو کسی اچھے علاقے میں فلیٹ دینے پر تیار نہیں ہے جبکہ اس کے برعکس لندن میں ہی موجود ایم کیوایم کی لیڈر شپ کے پاس کئی پراپرٹیز موجود ہیں لیکن افسوس اس حوالے سے ابھی تک ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے کسی بھی قسم کی فراخدلی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ مرتضیٰ علی شاہ کا کہنا تھا کہ فی الحال تو ان کے اخراجات کھانے پینے اور اسپتال کے اخراجات ابھی حکومت برداشت کررہی ہے ۔جبکہ دونوں بچے اجویر کے علاقے میں ایک سرکاری اسکول میں پڑھتے ہیں تاہم اس حوالے سے ان کی کوئی مدد نہیں کی جارہی ہے ۔سینئر تجزیہ کار امتیاز گل نے جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو بھی اس انضمام اور انتخابات کے بعد صوبائی اسمبلی میں بیٹھنے کا موقع ملے گا ،ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلیاں ضرورت کے تحت کی گئی ہیں ۔