پاکستان اسپورٹس کلب کے زیراہتمام بریشیا میں میلے کا انعقاد

July 23, 2019

بریشیا (نمائندہ جنگ) اٹلی کے شہر بریشیا میں پاکستان اسپورٹس کلب کے زیراہتمام16سالانہ میلے کا انعقاد کیا گیا، فراز چوہدری بوسال اور مرزا خالد جاوید نے میلے کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ اٹلی بھر سے کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ پاکستانی قونصل خانہ میلان کے قونصلر جنرل چوہدری منظور نے بھی خاص طور پر شرکت کی، اٹلی بھر سے مختلف اسپورٹس تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ میلے میں کبڈی، فٹبال، کرکٹ اور والی بال میچ کرائے گئے۔ مہمان خصوصی اور اٹلی میں اعزازی کوآرڈینیٹر، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت پاکستان چوہدری آصف علی باجوہ نے فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ ایسے میلے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہونے چاہئیں تاکہ دیار غیر میں مقیم ہماری نئی نسل کو پاکستانی ثقافت کے بارے میں آگاہی ملے۔