پاکستانی مسیحی کمیونٹی کا وائٹ ہائوس کے سامنے احتجاج

July 23, 2019

ایمسٹرڈیم (واٹسن گل) وزیراعظم عمران خان کے دورۂ امریکہ کے موقع پر امریکہ میں مقیم پاکستانی مسیحی کمیونٹی نے 20جولائی بروز ہفتہ شام 5بجے وائٹ ہاؤس کے سامنے پرامن احتجاج کیا، اس احتجاج کا بنیادی مقصد پاکستان میں ہندو اور مسیحی بچیوں کے مبینہ اغوا، جنسی زیادتی، جبری تبدیلیٔ مذہب اور شادیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لئے آواز بلند کرنا تھا۔ پاکستانی مسیحی کمیونٹی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس سے اپیل کی کہ پاکستان میں مسیحیوں کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسیحیوں کو برابری کے حقوق دیئے جائیں، توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال کو روکا جائے، یوحنا آباد کے مسیحی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ منارٹی لبریشن یو ایس اے نے اس مظاہرے کا اہتمام کیا تھا۔ صدر منارٹی لبریشن پیٹرجان، وکٹر گل، سامیہ نعمان، آفاق الفریڈ، پاسٹر نعمان یونس، پاسٹر عمران، سولمن ولسن، راجر جان، رضوان مسکارانس، نوید سرفراز اور جانسن لعزرس نے مظاہرین سے خطاب کیا ساتھ ہی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔